دنیا کی پہلی ’ویدک گھڑی‘ پر ہوا سائبر حملہ، چند روز پہلے ہی پی ایم مودی نے کیا تھا افتتاح

سائبر حملہ کے بعد وکرمادتیہ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر شری رام تیواری نے بتایا کہ سائبر سیل میں اس حملہ کی شکایت درج کروا دی گئی ہے اور معاملے کی تحقیقات شروع ہو گئی ہے۔

سائبر حملہ، تصویر آئی اے این ایس
سائبر حملہ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

وزیر اعظم نریندر مودی نے کچھ دنوں قبل ’وکرمادتیہ ویدک گھڑی‘ کا افتتاح کیا تھا، لیکن مدھیہ پردیش کے اجین شہر میں موجود اس گھڑی پر سائبر حملہ ہو گیا ہے۔ یہ ویدک گھڑی ہندوستانی پنچانگ یعنی وقت کو شمار کرنے والے نظام پر مبنی ہے۔ آج یعنی 8 مارچ کو ہی ’وکرمادتیہ ویدک گھڑی‘ نام سے مفت موبائل ایپ لانچ ہونی تھی، لیکن اس سے پہلے ہی اس پر سائبر حملہ ہو گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سائبر حملہ سے وکرمادتیہ ویدک گھڑی کے سروَر کی پروسیس دھیمی ہو رہی ہے اور عام لوگ اس کا استعمال نہیں کر پا رہے ہیں۔ انٹرنیٹ اور جی پی ایس سے جڑا ہونے کے سبب دنیا میں کہیں بھی اس ویدک گھڑی کا استعمال کیا جا سکتا ہے، لیکن سائبر حملہ نے اب کئی طرح کے سوال کھڑے کر دیے ہیں۔ سائبر حملہ کے بعد وکرمادتیہ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر شری رام تیواری نے بتایا کہ سائبر سیل میں اس سائبر حملہ کی شکایت درج کروا دی گئی ہے اور معاملے کی تحقیقات بھی شروع ہو گئی ہے۔


قابل ذکر ہے کہ وکرمادتیہ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق یہ دنیا کی پہلی ایسی گھڑی ہے جو وقت شماری کے ہندوستانی نظام، جو کہ دنیا کا سب سے پرانا، باریک، شفاف، خامیوں سے پاک، مصدقہ اور قابل اعتبار نظام ہے۔ اس سب سے قابل اعتبار نظام کو وکرمادتیہ ویدک گھڑی کی شکل میں اجین میں پھر سے قائم کیا گیا ہے۔ یہ گھڑی دیگر باتوں کے علاوہ سمبت، مہینہ، سیاروں کی حالت، چاند کی حالت، تہوار، مبارک مہورت، سورج گہن، چاند گہن وغیرہ کے بارے میں بھی جانکاری مہیا کرے گی۔ ویدک گھڑی دراصل ہندوستانی وقت شماری کی روایت کو بحال کرنے کی ایک کوشش ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔