ممبئی میں گونگا اور بہرا بن کر واردات کو انجام دینے والا شاطر چور گرفتار
ممبئی کے فورٹ کے قریب دکان چلانے والے ہمانشو شاہ نے شکایت درج کرائی۔ ملزم چندے کی پرچی لے کر دکانوں میں گھومتا تھا، گونگا بہرا بن کر دکانداروں سے بات کرتے ہوئے ان کا موبائل فون چوری کرلیتا تھا۔

گونگا اور بہرا بن کر موبائل فون چوری کر نے والے ایک شاطر چور کو مہاراشٹر پولیس نے گرفتار کیا ہے۔ ملزم چندہ مانگنے کے بہانے دھیان بھٹکا تا تھا اور پھرلوگوں کو اپنا شکار بنا رہا تھا۔ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ ممبئی پولیس کے ایم آر اے مارگ تھانہ کے تحت اس 42 سالہ شاطرشخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم کی شناخت تمل ناڈو کے رہنے والے گووند سوامی وینکٹ سوامی کے طور پر ہوئی ہے۔ الزام ہے کہ ملزم ممبئی میں دکانداروں کو نشانہ بناتا تھا۔ اس سلسلے میں فورٹ کے قریب دکان چلانے والے ہمانشو شاہ نے شکایت درج کرائی۔ ملزم چندے کی پرچی لے کر دکانوں میں گھومتا تھا، گونگا بہرا بن کر دکانداروں سے بات کرتے ہوئے ان کا موبائل فون چوری کرلیتا تھا۔
ایم آراے مارگ کے پولیس افسر نے بتایا کہ انہیں ایک ہی دن چوری کی دو شکایات موصول ہوئیں اور دونوں کا طریقہ کار ایک جیسا ہے۔ شکایت ملنے کے بعد پولیس نے اپنا جال بچھایا اوردکانوں سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی۔ فوٹیج کا استعمال کرکے پولیس نے ملزم کی شناخت کی اور اسے کالی ماتا مندر کمبھارواڑہ جنکشن کے قریب سے گرفتار کرلیا۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزم ہندی اورمراٹھی زبان میں بات نہیں کرپاتا ہے۔ اس لیے انھوں نے اس سے پوچھ گچھ کے لیے ایک تامل-تیلگو مترجم کا بندوبست کیا۔ دوران تفتیش اس نے اعتراف جرم کر لیا۔ پولیس ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کر رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اسی طرح کے کئی واقعات سامنے آنے کے بعد جب اس نے ایک اور دکان سے چوری کی واردات کو انجام دیا تو وہ سی سی ٹی وی میں قید ہوگیا۔ اس کے بعد دکاندار پولیس اسٹیشن پہنچا اور شکایت درج کرائی۔ پولیس نے دکان کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی اور ملزم کے چہرے کی شناخت کرلی۔ جس کے بعد پولیس نے اس کی تلاش شروع کی اور اسے گرفتار کر لیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔