’56 انچ کا سینہ اور حال بھیگی بلی جیسا‘، پی ایم مودی پر کانگریس کا طنز
راہل گاندھی نے سوال کیا کہ ’’مودی جی، اپنی ہی گودی میڈیا کے دیوالی ملن میں بھی ٹیلی پرامپٹر؟ لوگ آپ کے، پلیٹ فارم آپ کا، ماحول آپ کا... پھر بھی اسکرپٹ چاہیے تھی! لگتا ہے دباؤ میں گھبرا گئے ہیں۔‘‘

کانگریس وزیر اعظم نریندر مودی پر لگاتار حملہ آور ہے۔ ایک طرف ان کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، اور دوسری طرف لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی انھیں مسلسل ’کھلی بحث‘ کے لیے چیلنج پیش کر رہے ہیں۔ آج راہل گاندھی نے ایک بار پھر انھیں آمنے سامنے کی بحث کے لیے چیلنج پیش کیا، جس پر کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے پی ایم مودی کے خوب مزے لیے ہیں۔
پون کھیڑا نے راہل گاندھی کی اس ویڈیو کو اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کی ہے، جس میں وہ پی ایم مودی کو اوپن ڈیبیٹ کا چیلنج پیش کرتے ہوئے یہ بھی کہتے ہیں کہ وہ چاہیں تو ٹیلی پرامپٹر بھی ساتھ میں رکھ سکتے ہیں۔ اپنی پوسٹ میں کھیڑا لکھتے ہیں کہ ’’کچھ دن قبل کوئی کہہ رہے تھے کہ مودی جی بڑے خوفزد ہیں۔ میں نے پوچھا ’کیوں؟‘ کہنے لگے کہ- اِدھر راہل جی کا مقابلہ نہیں ہو پا رہا ہے، اور اُدھر (امریکہ میں) وسط مدتی انتخاب کے بعد ٹرمپ کا ہاتھ بھی سر سے اٹھتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ مودی جی خود کو بڑا بے چارہ محسوس کر رہے ہیں!‘‘ پون کھیڑا نے اس معاملہ میں طنزیہ انداز اختیار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’یہ سب سن کر بہت برا لگا۔ 56 انچ کا سینہ اور حال بھیگی بلی جیسا!‘‘
قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی نے جو اپنی ویڈیو ’ایکس‘ پر شیئر کی تھی، اس میں سوال کیا تھا کہ ’’مودی جی، اپنی ہی گودی میڈیا کے دیوالی ملن میں بھی ٹیلی پرامپٹر؟ لوگ آپ کے، پلیٹ فارم آپ کا، ماحول آپ کا... پھر بھی اسکرپٹ چاہیے تھی! لگتا ہے دباؤ میں گھبرا گئے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی وہ کہتے ہیں کہ ’’خیر، کوئی بات نہیں۔ مجھ سے بحث میں بھی ٹیلی پرامپٹر لے آئیے، جج بھی اپنی پسند کا بیٹھا لیجیے۔ بس آئیے تو سہی۔ ملک جاننا چاہتا ہے کہ حقیقی غدارِ وطن کون ہے؟‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
