’میرے ساتھ ڈیبیٹ کے بعد نریندر مودی وزیر اعظم نہیں رہ پائیں گے‘، راہل گاندھی نے پھر ظاہر کی مباحثہ کی خواہش

راہل گاندھی نے کہا کہ انھوں نے پارلیمنٹ میں کئی ایشوز پر بحث کرنے کی کوشش کی، لیکن انھیں بولنے کا موقع نہیں دیا گیا۔ ان کا الزام ہے کہ کئی مواقع پر ان کا مائک بند کر دیا گیا۔

<div class="paragraphs"><p>پی ایم مودی اور راہل گاندھی، تصویر اے آئی</p></div>
i

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے ایک بار پھر وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ’وَن-ٹو-وَن‘ مباحثہ کی خواہش ظاہر کی ہے۔ دراصل وہ چاہتے ہیں کہ بغیر کسی رخنہ کے پی ایم مودی ان سے کسی بھی ایشو پر بحث کریں، حالانکہ ان کے ذریعہ دیے گئے ’ڈیبیٹ چیلنج‘ پر وزیر اعظم یا ان کے دفتر سے کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔ بی جے پی لیڈران یہ ضرور کہتے نظر آئے کہ راہل گاندھی پارلیمنٹ میں پی ایم مودی سے بحث کریں، عوامی پلیٹ فارم پر بحث کی ضرورت نہیں۔

دراصل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’انسٹاگرام‘ پر ایک صارف نے راہل گاندھی سے سوال کیا کہ ’بی جے پی کہہ رہی ہے بحث پارلیمنٹ میں کرو، آپ پبلک ڈیبیٹ پر ہی کیوں بضد ہو؟‘ اس کا جواب دیتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ انھوں نے پارلیمنٹ میں کئی ایشوز پر بحث کرنے کی کوشش کی، لیکن انھیں بولنے کا موقع نہیں دیا گیا۔ ان کا الزام ہے کہ کئی مواقع پر ان کا مائک بند کر دیا گیا۔


اس جواب کی ویڈیو کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کی ہے، جس میں راہل گاندھی کہتے نظر آ رہے ہیں کہ وہ وزیر اعظم کے ساتھ آمنے سامنے بحث کرنے کے لیے تیار ہیں، اس کے لیے بی جے پی اپنی پسند کا کوئی بھی شخص جج کی شکل میں منتخب کر سکتی ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ اس بحث کے بعد وزیر اعظم مودی وزیر اعظم نہیں رہ پائیں گے۔ پارلیمنٹ میں بحث سے متعلق راہل گاندھی کہتے ہیں کہ ’’میں نے کسان بل پر بات کرنے کی کوشش کی، لیکن مجھے بولنے نہیں دیا گیا۔ میں نے ایس آئی آر اور چین کے معاملے پر بولنے کی کوشش کی، میں نے نرونے کی کتاب پر بحث کرنے کے لیے کہا، لیکن مجھے موقع نہیں دیا گیا۔‘‘

راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی کے ساتھ آمنے سامنے والی بحث کرنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی پلیٹ فارم پر بحث کے لیے تیار ہیں۔ اس کے لیے بی جے پی چاہے تو اڈانی اور موہن بھاگوت کو جج کی شکل میں بٹھا سکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں وَن آن وَن ڈیبیٹ کرنا چاہتا ہوں۔ وہ جج کی شکل میں کسی کو بھی رکھ سکتے ہیں۔ وہ اڈانی اور بھاگوت کو بھی جج بنا سکتے ہیں۔ لیکن میں گارنٹی کے ساتھ کہہ رہا ہوں کہ میرے ساتھ بحث کے بعد نریندر مودی وزیر اعظم نہیں رہ پائیں گے۔‘‘