دہلی کے 90 فیصد والدین اسکول دوبارہ کھولنے کے حق میں، جلد ہوگا فیصلہ

دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے کہا ہے کہ لمبے وقت سے اسکولوں کے بند ہونے کی وجہ سے تعلیم کا بہت نقصان ہوا ہے اور اب والدین کی بڑی اکثریت اسکول دوبارہ کھولے جانے کے حق میں ہے

دہلی کے اسکول کی فائل تصویر / آئی اے این ایس
دہلی کے اسکول کی فائل تصویر / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کورونا وبا کے بعد سے دہلی میں اسکول بند ہیں لیکن اب کورونا کی دوسری لہر کا اثر کم ہونے کی وجہ سے کئی ریاستوں نے اسکول کھولنے شروع کر دئے ہیں اور اب دہلی حکومت بھی اسکول کھولنے پر غور کر ہی ہے۔ جس کے بعد وہ دن دور نہیں جب دہلی کے اسکولوں میں بھی رونق نظر آئے گی اور بچے اسکول میں پڑھتے اور کھیلتے نظر آ ئیں گے۔ دہلی کی سڑکوں پر پھر سے اسکول کی بسیں اور وین دوڑتی نظر آئیں گی۔

اس مسئلہ پر دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل کی قیادت میں گزشتہ روز دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا ہم اجلاس ہوا۔ اجلاس کے بعد ماہرین کی کمیٹی تشکیل دے دی گئی جو اس معاملہ پر ایک تفصیلی منصوبہ تیار کرے گی۔ اجلاس کے دوران وزیر اعلی اروند کیجریال، نائب وزیر اعلی منیش سسودیا، دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین، وزیر ٹرانسپورٹ کیلاش گہلوت، ایمس کے ڈاریکٹر رندیپ گلیریا، نیتی آیوگ کے رکن ونود کمار پال، ڈاکٹر سجیت سنگھ، ڈاکٹر بلرام بھارگو وغیرہ نے شرکت کی۔


دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے اجلاس کے دوران کہا کہ کیونکہ لمبے وقت سے اسکول بند ہیں اس لئے بچوں کی تعلیم کا بہت نقصان ہوا ہے اور اب زیادہ تر والدین اس حق میں ہیں کہ اسکول دوبارہ کھول دئے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری اسکولوں کے ٹیچرس اور والدین کی میٹنگ میں موجود رہنے والے آٹھ لاکھ والدین میں سے 90 فیصد نے دوبارہ اسکول کھولے جانے کی حمایت کی ہے۔

واضح رہے کچھ روز قبل نائب وزیر اعلی نے اعلان کیا تھا کہ دہلی حکومت اسکول دوبارہ کھولے جانے کے لئے والدین کی رائے لے گی ۔اب جب ان کا یہ کہنا ہے کہ 90 فیصد والدین اسکول کھولے جانے کے حق میں ہیں تو دہلی کے اسکولوں میں جلد رونق واپس لوٹ آئے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔