85 فیصد وعدے پورے ہو چکے، الیکشن سے قبل بقیہ بھی پورے کریں گے: کیپٹن امرندر

کسانوں کی قرض معافی اور بے روزگار نوجوانوں کو 2500 روپے مہینہ دینے کے وعدہ پر وزیر اعلیٰ کیپٹن امرندر سنگھ نے کہا کہ کورونا کے سبب کچھ وعدے پورے نہیں ہو سکے ہیں جنھیں جلد ہی پورا کیا جائے گا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن امرندر سنگھ نے ریاست میں کانگریس حکومت کے چار سال مکمل ہونے پر جمعرات کو میڈیا کے سامنے اپنی حصولیابیوں کو رکھا۔ انھوں نے اگلے سال ہونے والے پنجاب اسمبلی انتخاب میں جانے سے پہلے 2017 کے انتخاب میں کیے گئے سبھی وعدوں کو پورا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں کانگریس کا کوئی حریف نہیں ہے، کیونکہ نہ تو اکالی اور نہ ہی عآپ کسی طرح کے مقابلے میں ہے۔

سال 2017 کے انتخاب میں کانگریس نے جو وعدے کیے تھے، انھیں لے کر پنجاب کی عوام کو بھروسہ دلاتے ہوئے وزیر اعلیٰ امرندر سنگھ نے کہا کہ ان کی حکومت نے جو کام شروع کیا ہے انھیں پورا کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ انتخابی منشور کے 85 فیصد سے زائد وعدے پہلے ہی نافذ ہو چکے ہیں، جو کسی بھی ریاست میں کسی بھی پارٹی کے لیے ایک ریکارڈ ہے۔ پچھلا ریکارڈ آندھرا پردیش میں چندرا بابو نائیڈو کے پاس تھا، جس کے تحت 81 فیصد وعدے پورے کیے گئے۔ انھوں نے کہا کہ ’’لوگ ہماری کارکردگی اور مینجمنٹ کو دیکھیں گے۔‘‘


سبھی کسانوں کے لیے قرض معافی کے وعدے اور سبھی بے روزگار نوجوانوں کو 2500 روپے ماہانہ دینے کے بارے میں سوال کیے جانے پر امرندر سنگھ نے کہا کہ ریاست میں سرکاری خزانہ کے مسائل، خصوصی طور سے کووڈ کے سبب، کچھ وعدوں کو اب تک نافذ نہیں کیا جا سکا۔ لیکن خزانہ بڑھنے کے ساتھ ہی یہ بھی جلد سے جلد پورے ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ وہ اگلے انتخابات سے پہلے سبھی وعدوں کو نافذ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

سال 2022 کے انتخاب میں کانگریس کی قیادت کرنے اور وزیر اعلیٰ چہرہ ہونے کے سوال پر کیپٹن امرندر سنگھ نے کہا کہ یہ پارٹی سربراہ کو طے کرنا ہے۔ پرشانت کشور کی تقرری کے بارے میں پوچھے جانے پر وزیر اعلیٰ نے جواب دیا کہ جمہوریت میں ہر لیڈر اور پارٹی کے پاس پالیسی سازوں کی ایک ٹیم ہوتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */