ہندوستانی بحریہ کے 8 سابق جوان 72 دنوں سے قطر کی جیل میں بند، گھر والوں نے مرکزی حکومت سے کی مدد کی اپیل

وزارت خارجہ نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ دوحہ واقع ہندوستانی سفارت خانہ 8 سابق جوانوں کی جلد رہائی اور وطن واپسی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ہندوستانی بحریہ کے 8 سابق جوان گزشتہ 72 دنوں سے قطر کی جیل میں بند ہیں۔ حکومت کی طرف سے ان کی رِہائی میں مدد کے لیے ایک سینئر افسر کو بھیجا گیا ہے۔ قطر کی خفیہ ایجنسی کے ذریعہ 30 اگست کو حراست میں لیے گئے 8 سابق فوجی جوانوں کے خلاف الزام نامعلوم ہے۔ وہ ڈہرا گلوبل ٹیکنالوجی اینڈ کنسلٹنسی سروسز میں کام کر رہے تھے۔ یہ کمپنی قطری ایمری نیوی کو ٹریننگ دینے کا کام کرتی ہے۔

وزارت خارجہ نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ دوحہ واقع ہندوستانی سفارت خانہ 8 سابق جوانوں کی جلد رہائی اور وطن واپسی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے کہا کہ ’’ہماری وزارت اور سفارتخانہ زیر حراست سابق جوانوں کے گھر والوں کے رابطہ میں ہے۔ وہاں ہمارا سفارت خانہ حراست میں لیے گئے ہندوستانی شہریوں کی جلد رِہائی اور وطن واپسی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔‘‘


حراست میں لیے گئے 8 ہندوستانیوں میں ڈہرا گلوبل ٹیکنالوجیز اینڈ کنسلٹنسی سروسز کے منیجنگ ڈائریکٹر کمانڈر پورنیندو تیواری (سبکدوش) ہیں۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو افسر خامس العجمی رائل عمان بحریہ سے ایک سبکدوش اسکواڈرن لیڈر ہیں۔ تیواری کو 2019 میں مہاجر ہندوستانی اعزاز حاصل ہوا۔

وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ ایس. جئے شنکر سے مدد مانگتے ہوئے تیواری کی بہن میتو بھارگو نے ٹوئٹ کیا ہے کہ ’’برائے کرم 8 بحریہ فوجیوں (افسران)، ان کے گھر والوں کے اراکین اور ہمارے ہندوستانی بھائیوں کی مدد کریں، کیونکہ ان افسران نے ہمارے مادر وطن کی خدمت کی تھی۔ ہمیں حکومت ہند کی فوری مدد کی ضرورت ہے۔‘‘ اپنے بھائی کی صحت کے بارے میں فکر ظاہر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ ایک سینئر شہری ہیں، جو ذیابیطس اور دیگر بیماریوں سے متاثر ہیں۔


تیواری کے علاوہ حراست میں لیے گئے دیگر افسر کمانڈر نوتیج سنگھ گل، ڈائریکٹر (بحریہ ٹریننگ) ہیں، بحریہ اکیڈمی کے ڈائریکٹر کمانڈر بیریندر کمار ورما، کمانڈر سگنکر پکالا، ایف سی این کمانڈر سنجیو گپتا، کمانڈر امت ناگپال، کیپٹن سورب وششٹھ اور راگیش گوپ کمار ہیں۔ گرفتار کیے گئے لوگوں کو ستمبر میں فون پر اپنے گھر والوں سے بات کرنے کی اجازت دی گئی تھی اور انھیں پہلے 3 اکتوبر کو اور پھر نومبر کے پہلے ہفتہ میں کونسلر ایکسیس کی اجازت دی گئی تھی۔ انھوں نے کہا کہ حراست میں لیے گئے لوگوں نے کچھ مواقع پر اپنے گھر والوں کے اراکین سے بھی بات کی ہے۔ ہم نے ایک اور دور کی کونسلر ایکسیس کی گزارش کی ہے اور ہم اس پر قطری افسران کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔

دوحہ میں ہندوستانی سفارتخانہ کو ستمبر کے وسط میں گرفتاری کے بارے میں پتہ چلا۔ قطر کے ہندوستان کے ساتھ ٹھوس اور مضبوط تعلقات ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ سمندری ٹریننگ جاری ہے۔ ہندوستانی بحریہ اور قطر امیری بحریہ فورس کے درمیان آخری دو فریقی سمندری ٹریننگ 14-9 اگست 2021 کے درمیان فارس کی خلیج میں منعقد کی گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔