دنیا کے آلودہ ترین 50 شہروں میں 78 فیصد کا تعلق ہندوستان سے، جاری رپورٹ میں حیرت انگیز انکشاف

جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فضائی آلودگی کے سبب ہندوستان کو 150 بلین ڈالر کے نقصان کا اندازہ ہے، ہندوستان میں فضائی آلودگی کی سب سے بڑی وجہ ٹرانسپورٹیشن سیکٹر ہے۔

ماحولیاتی آلودگی، تصویر آئی اے این ایس
ماحولیاتی آلودگی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان میں آلودگی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ دنیا کے کئی ممالک اپنے شہروں کو آلودگی سے پاک بنانے کے لیے لگاتار کوششیں کر رہے ہیں۔ ایسے میں ایک ایسی رپورٹ سامنے آئی ہے جو ہندوستان کے لیے فکر انگیز ہے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ دنیا کے سب سے آلودہ ممالک میں ہندوستان آٹھویں مقام پر ہے۔ اتنا ہی نہیں، ہندوستانی شہروں میں اوسطاً پارٹیکولیٹ میٹر 2.5، 53.3 مائیکروگرام پایا گیا ہے جو کہ عالمی ادارۂ صحت کی ’محفوظ‘ حد سے 10 گنا زیادہ ہے۔

واضح رہے کہ سوئٹزرلینڈ کی فرم ’آئی کیو ایئر‘ نے ’ورلڈ ایئر کوالیٹی رپورٹ‘ کے نام سے اپنی رپورٹ منگل کو جاری کی۔ دنیا کے 131 ممالک کے ڈاٹا کی بنیاد پر یہ رپورٹ تیار کی گئی ہے۔ ورلڈ ایئر کوالٹی رپورٹ کے مطابق دنیا کا سب سے آلودہ ملک چاڈ ہے۔ یہاں اوسطاً فضائی آلودگی پی ایم 2.5 سطح پر 89.7 پایا گیا ہے۔ عراق دوسرا سب سے آلودہ ملک ہے۔ تیسرے نمبر پر پاکستان کا نام آتا ہے اور بحرین چوتھے مقام پر ہے۔


جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فضائی آلودگی کے سبب ہندوستان کو 150 بلین ڈالر کے نقصان کا اندازہ ہے۔ ہندوستان میں فضائی آلودگی کی سب سے بڑی وجہ ٹرانسپورٹیشن سیکٹر ہے جو مجموعی آلودگی کا 35-20 فیصد آلودگی پھیلاتا ہے۔ ٹرانسپورٹیشن کے علاوہ صنعت، کوئلہ سے چلنے والے پاور پلانٹس وغیرہ بھی آلودگی کے لیے ذمہ دار ہیں۔

دنیا کے سب سے آلودہ شہروں کی فہرست پر نظر ڈالی جائے تو ہندوستان کی حالت انتہائی فکر انگیز ہے۔ سب سے زیادہ آلودہ 100 شہروں میں 65 کا تعلق ہندوستان سے ہے۔ اتنا ہی نہیں سرفہرست 10 آلودہ ترین شہروں میں چھ شہر ہندوستانی ہے۔ ہندوستان کی خراب حالت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ آلودہ ترین 50 شہروں کی فہرست میں 78 فیصد ہندوستانی شہر ہیں۔


پاکستان کا لاہور دنیا کا سب سے آلودہ شہر بتایا گیا ہے۔ لاہور میں پی ایم 2.5 کی سطح 97.4 ماپی گئی ہے۔ دوسرے نمبر پر چین کا شہر ہوتن ہے جہاں پی ایم 2.5 کی سطح 94.3 ہے۔ تیسرے مقام پر ہندوستان کا بھیواڑی اور راجدھانی دہلی ہے۔ دہلی میں پی ایم 2.5 کی سطح 92.6 ماپی گئی ہے۔ سرفہرست 10 آلودہ ترین شہروں میں بہار کا دربھنگہ، آسوپور اور پٹنہ بھی شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔