مہاتما گاندھی کی 74ویں برسی: ملک کی اہم شخصیات نے پیش کیا خراج عقیدت

بابائے قوم مہاتما گاندھی کو ان کی 74 ویں برسی کے موقع پر قوم اور اہم شخصیات کی جانب سے خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ ملک کے ساتھ بیرون ملک میں بھی عدم ​​تشدد کے پیروکار باپو کو خراج عقیدت پیش کیا گیا

مہاتما گاندھی پونا میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے / Getty Images
مہاتما گاندھی پونا میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: بابائے قوم مہاتما گاندھی کو ان کی 74 ویں برسی کے موقع پر قوم اور اہم شخصیات کی جانب سے خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ ملک کے ساتھ بیرون ملک میں بھی عدم ​​تشدد کے پیروکار باپو کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کا ماہانہ پروگرام من کی بات اس بار اپنے مقررہ وقت سے کچھ دیر بعد شروع ہوا، کیونکہ وزیر اعظم مودی نے پہلے باپو کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد وہ ریڈیو کے ذریعے من کی بات پروگرام میں شامل ہوئے۔

راہل نے راج گھاٹ پر باپو کو خراج عقیدت پیش کیا

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اتوار کو راج گھاٹ پر بابائے قوم مہاتما گاندھی کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے باپو کی سمادھی پر پھول بھی چڑھائے۔ اس دوران سرو دھرم سبھا میں باپو کے پسندیدہ بھجن گائے گئے۔ راہل گاندھی نے اس سے پہلے ٹوئٹ کیا ’’ایک ہندوتوادی نے گاندھی جی کو گولی مار دی۔ تمام ہندوتووادیوں کو لگتا ہے کہ گاندھی جی نہیں رہے ہیں۔ مگر جہاں سچ ہے، باپو وہیں زندہ ہیں۔”


نائب صدر ایم ونکیا نائیڈو نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کو ان کی برسی پر دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر ایک نے ملک کو بھوک اور غربت جیسی سماجی برائیوں سے پاک کرنے کا عزم کرنا چاہئے۔ نائیڈو نے کہا کہ گاندھی جی کی تحریک بنیادی طور پر سماجی، اقتصادی اور اخلاقی اصلاحات کی تحریک تھی، جس میں ملک کی ترقی کے ساتھ ساتھ کمزور طبقات اورخواتین کو شامل کیا گیا تھا۔ اس موقع پر تمام اہل وطن ملک کو بھوک اور سماجی معذوریوں جیسے غربت، جہالت، ناخواندگی، امتیازی سلوک سے نجات دلانے کا عہد کرناچاہئے۔

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا مہاتما گاندھی کے تفکرات ہمیشہ ملک کی خدمت کے لئے تحریک دیتے رہیں گے۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ’’مہاتما گاندھی جی نے ہر ہندوستانی کے دل میں سودیشی، سوبھاشا اور سوراج کا جذبہ پیدا کیا۔ ان کے تفکرات اور نظریات ہر ہندوستانی کو ہمیشہ ملک کی خدمت کے لئے تحریک دیتے رہیں گے۔ آج باپو کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں ‘‘۔


دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ٹویٹ کیا ’’ بابائے قوم مہاتما گاندھی کی عظیم شخصیت، ان کے خیالات اور نظریات آج بھی ہم سب کو ایک بہتر ہندوستان کی تعمیر کے لیے تحریک دیتے ہیں ۔ باپو برسی پر ان کو سلام ‘‘۔

مہاتما گاندھی کی برسی پر وجین نے خراج عقیدت پیش کیا

اس موقع پر کیرالہ کے وزیر اعلی پنارائی وجین نے ٹویٹ کیا، ’’مہاتما گاندھی کو جن طاقتوں نے قتل کیا تھا،ان کے جیسے لوگ آج بھی مذہب کے نام پر لوگوں کو قتل کررہے ہیں۔ وہ آج ہمارے ملک کےلئے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔‘‘ وزیر اعلی نے کہا کہ کہ گاندھی جی کی یادیں میں پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی جی کی برسی کے موقع پر سبھی لوگ فرقہ وارانہ طاقتوں سے لڑنے اور بھائی چارے کو فروغ دینے کا عزم کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔