باپو کی برسی پر راہل گاندھی کا ٹویٹ 'ایک ہندوتوادی نے گاندھی جی کو گولی ماری تھی'

مہاتما گاندھی کی برسی پر آج پورا ملک انہیں خراج عقیدت پیش کر رہا ہے۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بھی مہاتما گاندھی کو یاد کرتے ہوئے ٹوئٹ کر کے ہندوتوا کو نشانہ بنایا ہے

راہل گاندھی، تصویر ٹوئٹر @INCIndia
راہل گاندھی، تصویر ٹوئٹر @INCIndia
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: مہاتما گاندھی کی برسی پر آج پورا ملک انہیں خراج عقیدت پیش کر رہا ہے۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بھی مہاتما گاندھی کو یاد کرتے ہوئے ٹوئٹ کر کے ہندوتوا کو نشانہ بنایا ہے۔ مہاتما گاندھی کو 30 جنوری 1948 کی شام ناتھورام گوڈسے نے قتل کر دیا تھا، عدم تشدد کو اپنا سب سے بڑا ہتھیار ماننے والے گاندھی خود تشدد کا شکار ہوئے تھے۔

راہل گاندھی نے ٹویٹ کیا ’’ایک ہندوتوادی نے گاندھی جی کو گولی ماری تھی۔ تمام ہندوتوادیوں کو لگتا ہے کہ گاندھی جی نہیں رہے، مگر جہاں سچائی ہے، وہاں آج بھی باپو ہیں۔‘‘ ساتھ میں راہل گاندھی نے گاندھی فارایور یعنی کہ گاندھی جی ہمی رہیں گے ہیش ٹیگ کا استعمال کیا ہے۔

راہل گاندھی نے ٹوئٹ کے ساتھ ایک تصویر بھی شیئر کی ہے جس پر گاندھی جی کا چشمہ بنا ہوا ہے اور لکھا ہے ’’یوم شہادت، 30 جنوری، رگھوپتی راگھو راجہ رام۔‘‘ رگھوپتی راگھو راجہ رام، پتیتا پاون سیتا رام، یہ گاندھی جی کا ایک مشہور بھجن ہے۔


خیال رہے کہ راہل گاندھی باپو کے قاتل گوڈسے کو ہندوتوادی قرار دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے لوگ بھی ہندوتواوادی ہیں۔ راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ ہندو اور ہندوتواوادی میں فرق ہوتا ہے۔ وہ خود کو ہندو قرار دیتے ہیں جبکہ بی جے پی سے وابستہ لوگوں ہندوتوادی قرار دیتے ہیں۔

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے 2018 میں اپنی تقریر میں کہا تھا کہ مہاتما گاندھی کے قتل کے پیچھے سنگھ (آر ایس ایس) کا ہاتھ تھا۔ آر ایس ایس کے ایک مقامی کارکن راجیش کنٹے نے اس بیان پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے آر ایس ایس کی ساکھ کو ٹھیس پہنچی ہے۔ اس نے تھانے کی ایک عدالت میں راہول گاندھی کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا، تاہم راہل گاندھی نے الزامات کا اعتراف کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 30 Jan 2022, 9:46 AM