بہار کی راجدھانی پٹنہ میں سلنڈر دھماکہ کے بعد 40 جھونپڑیاں خاکستر، سینکڑوں افراد آشیانے سے ہوئے محروم

بجلی کے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے ایک جھونپڑی میں آگ لگی تھی جس سے وہاں رکھے سلنڈر میں دھماکہ ہو گیا اور پھر آگ تیزی سے دیگر جھونپڑیوں میں بھی پھیل گئی۔

<div class="paragraphs"><p>پٹنہ میں سلنڈر دھماکہ کے بعد 40 جھونپڑیاں خاکستر، تصویر یو این آئی</p></div>

پٹنہ میں سلنڈر دھماکہ کے بعد 40 جھونپڑیاں خاکستر، تصویر یو این آئی

user

قومی آواز بیورو

بہار کی راجدھانی پٹنہ میں سلنڈر دھماکہ کے بعد شدید آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ اس آتشزدگی کی وجہ سے تقریباً 40 جھونپڑیاں خاکستر ہو گئیں اور سینکڑوں افراد آشیانے سے محروم ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آشیانہ دیگھا روڈ نالا کے کنارے بنی جھونپڑیوں میں جمعرات کی دوپہر آگ لگ گئی جس کے بعد ایک ایک کر کے کم و بیش 40 جھونپڑیاں خاک ہو گئیں۔ آگ لگنے کے بعد افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا اور کچھ لوگوں نے اس کی اطلاع فائر بریگیڈ کو دی۔ فائر بریگیڈ کی ٹیم جب تک جائے حادثہ پر پہنچی جگہ جگہ ملبہ کا ڈھیر جمع ہو گیا تھا۔ لوگ اس بات سے بھی کافی ناراض دکھائی دے رہے ہیں کہ آگ کی خبر دینے کے تقریباً 2 گھنٹے بعد فائر بریگیڈ کی ٹیم علاقے میں پہنچی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق بجلی کے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے ایک جھونپڑی میں آگ لگی تھی جس سے وہاں رکھے سلنڈر میں دھماکہ ہو گیا اور پھر آگ تیزی سے دیگر جھونپڑیوں میں بھی پھیل گئی۔ اس واقعہ میں کسی جانی نقصان کی خبر نہیں ہے، لیکن سینکڑوں افراد آشیانہ سے محروم ہو گئے ہیں اور جھونپڑیوں میں رکھے سامان جل گئے ہیں۔ فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیاں جب موقع پر پہنچیں تو آگ پر قابو پایا جا سکا۔


جھونپڑیوں میں آگ لگنے کے بعد وہاں رہنے والے لوگ اپنا اپنا سامان نکالنے کی کوشش کرتے نظر آئے، لیکن بہت زیادہ کامیابی نہیں ملی۔ آگ جس جگہ پر لگی ہے وہ پٹنہ کے راجیو نگر کے نیپالی نگر واقع جھونپڑپٹی والا علاقہ ہے۔ یہ وہی علاقہ ہے جو کچھ دنوں پہلے تجاوزات ہٹاؤ مہم کے پیش نظر پولیس کارروائی کو لے کر سرخیاں بنا تھا۔

اس معاملے میں راجیو نگر تھانہ کے تھانہ انچارج نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ سے 40 سے زائد جھونپڑیاں جل گئی ہیں۔ 200 سے زیادہ لوگ اس سے متاثر ہوئے ہیں۔ پولیس آگ لگنے کے اسباب کے بارے میں تحقیقات کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔