دہلی سے بہار لوٹنے والے 30 مسافر کورونا سے متاثر، کیسز کی تعداد میں مزید اضافہ کا خدشہ

مدھوبنی ضلع کے سول سرجن سنیل کمار جھا نے کہا کہ ’’پیر کے روز سوتنترتا سینانی ایکسپریس میں 152 مسافر آئے تھے۔ ان سبھی کی کورونا کی جانچ کرنے پر 30 ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ پازیٹو پائے گئے۔‘‘

کورونا وائرس/ آئی اے این ایس
کورونا وائرس/ آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

پٹنہ: شمالی بہار کے مدھوبنی ضلع میں کورونا کے 30 نئے معاملے رپورٹ ہونے کے بعد عہدیداران کو خدشہ ہے کہ بہار میں ایک مرتبہ پھر کورونا کے معاملوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ ضلع انتظامیہ نے پیر کے روز مدھوبنی ریلوے اسٹیشن اور بس اسٹینڈ پر کورونا جانچ کی مہم چلائی تھی۔

مدھوبنی ضلع کے سول سرجن سنیل کمار جھا نے کہا کہ ’’پیر کے روز سوتنترتا سینانی ایکسپریس میں 152 مسافر آئے تھے۔ ان سبھی کی کورونا کی جانچ کرنے پر 30 ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ پازیٹو پائے گئے۔‘‘ سپر فاسٹ ایکسپریس نئی دہلی اور مدھوبنی ضلع کے جے نگر کے درمیان چلتی ہے۔ بہار کے چھپرا، سونپور، حاجی پور، مظفرپور، سمستی پور، دربھنگہ اور سکری ریلوے اسٹیشنوں پر بھی کئی مسافر اترے۔


جھا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی ہدایت پر کورونا کی جانچ کی مہم شروع کی گئی، جنہوں نے اکتوبر اور نومبر میں آنے والے تہواروں کے پیش نظر پہلے ریلوے اسٹیشن، بس اسٹینڈ اور ہوائی اڈے پر ٹیسٹنگ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ دسہرہ، دیوالی اور چھٹ پوجا منانے کے لئے بڑی تعداد میں تارکین وطن مزدور بہار لوٹتے ہیں۔

انہوں نے کہا، ’’ہم ریلوے اسٹیشنوں اور بس اسٹینڈوں پر مستقل طور پر کورونا کی جانچ کر رہے ہیں۔ افسران کو الرٹ پر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے کیونکہ آنے والے دنوں میں کورونا کے معاملوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ 18 ستمبر کو 8 لوگ پازیٹو پائے گئے اور 19 ستمبر کو 35 مسافر پازیٹو پائے گئے، جس کے بعد ضلع میں کورونا پازیٹو معاملوں کی مجموعی تعداد 73 سے تجاوز کر گئی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔