کشتواڑ میں مکان گرنے سے 3 نابینا بھائیوں کی موت، ماں بیٹی زخمی

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ تینوں بھائیوں کی لاشوں کو ملبے سے نکال لیا گیا ہے جبکہ ماں بیٹی جو دوسرے کمرے میں سوئی ہوئی تھیں کو بھی زخمی حالت میں نکال لیا گیا ہے۔

لاش، علامتی تصویر آئی اے این ایس
لاش، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

جموں: جموں وکشمیر کے ضلع کشتواڑ کے ناگسینی بلاک میں دوران شب شدید بارشوں کے نتیجے میں رہائشی مکان منہدم ہونے سے 3 نابینا بھائیوں کی موت جبکہ ان کی ماں اور بہن کو زخمی حالت میں بچا لیا گیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کشتواڑ کے ناگسینی بلاک کے اجنہ علاقے میں جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب قریب پونے بارہ بجے ایک مکان گر گیا جس کے نتیجے میں تین نابینا بھائیوں کی برسر موقع ہی موت واقع ہوگئی جبکہ ماں بیٹی کو زخمی حالت میں بچا لیا گیا۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق شدید بارشوں کے نتیجے میں یہ مکان منہدم ہوگیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تینوں بھائیوں کی لاشوں کو ملبے سے نکال لیا گیا ہے جبکہ ماں بیٹی جو دوسرے کمرے میں سوئی ہوئی تھیں کو بھی زخمی حالت میں نکالا گیا ہے۔


متوفین کی شناخت 32 سالہ رویندر کمار، 30 سالہ راجیش کمار اور 28 سالہ ساجن کمار کے بطور ہوئی ہے۔ دریں اثنا پولیس اور سول انتظامیہ کی ایک ٹیم جائے واردات پر پہنچ گئی ہے۔ بتادیں کہ قبل ازیں اسی ضلع کے کیشون جنگلاتی علاقے میں 2 مئی کو عارضی خیمے پر درخت گر آنے سے بکروال کنبے کے چار افراد از جان ہو گئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔