کرناٹک: 28 طالبات کے کووڈ پازیٹو پائے جانے سے دہشت، گرلس کالج سیل

کالج انتظامیہ نے بدھ کو کووڈ کا پہلا معاملہ سامنے آنے کے بعد احتیاطاً سبھی طالبات کا کووڈ ٹیسٹ کرایا، 412 طالبات میں 19 پازیٹو پائی گئیں، پھر ان کے رابطہ میں آنے والی 9 دیگر طالبات بھی پازیٹو نکلیں۔

کورونا وائرس، تصویر یو این آئی
کورونا وائرس، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

کرناٹک کے مانڈیا ضلع واقع ناگمنگلا شہر میں موجود گورنمنٹ پری-یونیورسٹی کالج فار گرلس میں 28 طالبات کے کووڈ-19 سے متاثر ہونے کی تصدیق ہونے کے بعد دہشت کا ماحول ہے۔ معاملہ سامنے آنے پر ریاستی محکمہ صحت نے آناً فاناً میں گرلس کالج کو سیل کر دیا۔ اس کالج میں دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والی طالبات بڑی تعداد میں تعلیم حاصل کرتی ہیں۔

کالج کے افسران نے 412 طالبات کی جانچ کروائی تھی، جن میں سے 19 پازیٹو پائی گئیں۔ بعد میں ان کے رابطہ میں آنے والی 9 دیگر طالبات بھی پازیٹو نکل گئیں۔ بدھ کو کالج میں کووڈ کا پہلا معاملہ سامنے آنے کے بعد کالج انتظامیہ نے احتیاطاً سبھی طالبات کا کووڈ ٹیسٹ کروایا تھا۔


کرناٹک میں محکمہ عوامی تعلیم کے نائب ڈائریکٹر امیش نے بتایا کہ سبھی 28 طالبات کو سرکاری اسپتال کے کووڈ سنٹر میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں سبھی طالبات کا اچھا علاج چل رہا ہے اور سبھی بہتر حالت میں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کالج احاطہ میں جراثیم کش کا چھڑکاؤ کر 7 دنوں کے لیے سیل کر دیا گیا ہے۔

ضلع ہیلتھ افسر دھننجے نے بتایا کہ پہلے ایک طالبہ میں کووڈ-19 کی علامت دکھائی دی، پھر سبھی طالبات کی جانچ کرائی گئی۔ انھوں نے کہا کہ بغیر وقت برباد کیے، پرائمری رابطوں کو دیکھتے ہوئے سبھی طالبات کی جانچ ہوئی۔ 28 طالبات آپسی رابطے کے سبب کورونا پازیٹو ہو گئیں۔ ضلع ہیلتھ افسر نے کہا کہ سبھی طالبات میں علاج کا اچھا اثر دکھائی پڑ رہا ہے اور وہ ٹھیک ہو رہی ہیں۔ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔