بہار: بی جے پی امیدوار کے بھائی کے گھر سے 23 کلو سونا اور 2 کلو چاندی برآمد، جانچ شروع!

رکسول سے بی جے پی امیدوار پرمود سنہا کے بھائی اشوک سنہا کے پاس اتنا سونا کہاں سے آیا، اس بات کی جانچ کی جا رہی ہے۔ ان سے اس معاملے میں پوچھ تاچھ بھی ہو رہی ہے۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

تنویر

بہار میں انتخابی سرگرمی کے دوران ایک بڑی خبر سامنے آ رہی ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق بی جے پی لیڈر اور رکسول سے امیدوار پرمود سنہا کے بھائی کے گھر پر پولس نے چھاپہ ماری کی ہے۔ ہفتہ کے روز ہوئی اس چھاپہ ماری میں کروڑوں روپے کا سونا او رلاکھوں روپے کی چاندی پولس کے ہاتھ لگی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ کارروائی ہندوستانی سرحد کے اندر نہیں ہوئی ہے بلکہ معاملہ نیپال کا ہے۔

ہندی نیوز پورٹل 'انڈیا ڈاٹ کام' پر شائع خبر کے مطابق بی جے پی امیدوار پرمود سنہا کے ایک بھائی اشوک سنہا گزشتہ کئی سالوں سے نیپال کے بیرگنج میں رہ رہے ہیں۔ اشوک سنہا کے اسی ٹھکانے پر آج ایک خفیہ اطلاع ملنے کے بعد نیپال پولس نے چھاپہ ماری کی۔ کئی گھنٹوں تک چلی اس چھاپہ ماری کے دوران گھر کے ہر حصے کو کھنگالا گیا جہاں سے نیپال پولس نے 23 کلو سونا اور 2 کلو چاندی برآمد کی ہے۔ برآمد سونے کی قیمت تقریباً 10 کروڑ روپے ہے۔


اشوک سنہا کے پاس اتنا سونا اور چاندی کہاں سے آیا، اس بات کی جانچ کی جا رہی ہے۔ ان سے اس معاملے میں پوچھ تاچھ بھی ہو رہی ہے۔ حالانکہ اس معاملے میں اب تک کسی طرح کی کوئی گرفتاری نہیں ہوئی ہے۔ نیپال پولس کی طرف سے اس تعلق سے فی الحال کوئی آفیشیل بیان جاری نہیں کیا گیا ہے کہ ان کے پاس کس طرح کی خفیہ اطلاع تھی جس کے بعد چھاپہ ماری ہوئی۔

ایسے وقت میں جب کہ بہار میں اسمبلی انتخابات قریب ہے، بین الاقوامی بارڈر کے پار بی جے پی امیدوار کے بھائی کے گھر سے بڑے پیمانے پر سونا و چاندی برآمد ہونے پر کئی طرح کے خدشات پید ہو گئے ہیں۔ اس کا بہار انتخاب سے کوئی کنکشن ہے یا نہیں، یہ فی الحال واضح نہیں ہو پایا ہے لیکن چہ می گوئیاں شروع ہو گئی ہیں۔ نیپال میں ہوئی کارروائی سے بارڈ کے اِس طرف کھلبلی مچی ہوئی ہے۔ اشوک سنہا بھلے ہی کئی سالوں سے نیپال کے بیرگنج میں رہ رہے ہوں، لیکن بارڈر کے اِس پار ان کے بھائی پرمود سنہا رکسول سے بی جے پی امیدوار ہیں، وہ انتخابی میدان میں ہیں، اس لیے کئی طرح کی باتیں لوگوں کے درمیان ہو رہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔