آخر زندگی کی جنگ ہار گیا دو سالہ معصوم، بورویل سے نکالی گئی سُجیت کی لاش

سجيت جمعہ کی شام تقریباً پانچ بجکر 40 منٹ پر کھیلتے کھیلتے اپنے والد کے کھیت میں بنے بورویل میں گر گیا تھا۔ اس کے بعد وہ مزید کھسکتے ہوئے تقریباً 100 فٹ کی گہرائی میں جا کر پھنس گیا تھا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ضلع تیرو چیرا پلی کے ناڈو کٹوپٹی گاؤں میں تقریباً 100 میٹر گہرے بورویل میں گرا دو سالہ معصوم بالآخر سجیت ولسن زندگی کی جنگ ہار گیا اور منگل کی صبح اس کی لاش کو باہر نکالا گیا۔ ریونیو کمشنر نے علی الصبح تقریباً دو بجکر کر 30 منٹ پر میڈیا کو سجيت کی موت کی اطلاع دی۔

سجيت جمعہ کی شام تقریباً پانچ بجکر 40 منٹ پر کھیلتےکھیلتے اپنے والد کے کھیت میں بنے بورویل میں گر گیا تھا۔ وہ گرنے کے بعد 30 فٹ کی گہرائی میں پھنس گیا تھا۔ اس کے بعد رات میں وہ مزید کھسکتے ہوئے تقریباً 100 فٹ کی گہرائی میں جا کر پھنس گیا تھا۔ معصوم کو بچانے کے لئے نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) اور ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کا ریسکیو آپریشن چار دنوں سے مسلسل جاری تھا، لیکن اس کو بچایا نہیں جا سکا۔


راہل نے سجيت کی موت پر دکھ ظاہر کیا

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بورویل میں پھنسے دو سالہ سجيت ولسن کی موت پر دکھ ظاہر کیا۔ راہل گاندھی نے منگل کے روز ٹوئٹ کرکے اپنے تعزتی پیغام میں کہا ’’میری تعزیت سجیت کے والدین اور رشتہ داروں کے ساتھ ہے‘‘۔


ادھر، مرکزی وزیر برائے صحت اور خاندانی بہبود ڈاکٹر ہرش وردھن نے بھی بورویل میں پھنسے دو سالہ معصوم سجيت ولسن کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ ڈاکٹر ہرش وردھن نے منگل کے روز ٹوئٹ کرکے اپنے تعزتی پیغام میں کہا کہ کئی گھنٹے زندگی اور موت سے جنگ لڑنے والے سجيت کی موت سے وہ بہت دکھی ہیں۔


انہوں نے کہا کہ ’’70 گھنٹے سے زیادہ وقت تک موت سے جنگ لڑنے والے سجيت ولسن کی موت سے میں بہت دکھی ہوں۔ میرے دکھ کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ سوگوار کنبے کے تئیں میری تعزیت۔ سجيت کی روح کو ابدی سکون ملے‘‘۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 29 Oct 2019, 1:55 PM