جموں و کشمیر: بجبہاڑہ میں تصادم، 2 ملی ٹنٹ ہلاک، ایک فوجی شہید

تلاشی آپریشن کے دوران ملی ٹنٹوں نے فورسز کو نشانہ بناکر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین فوجی اہلکار زخمی ہوئے۔ ان میں سے ایک فوجی اہلکار نے دم توڑ دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے واگہامہ بجبہاڑہ میں منگل کی صبح ہونے والے ایک تصادم میں 'جیش محمد' سے وابستہ دو ملی ٹنٹ اور ایک فوجی اہلکار ہلاک جبکہ دیگر دو فوجی اہلکار زخمی ہوگئے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع اننت ناگ کے واگہامہ میں ملی ٹنٹوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج کی 3 راشٹریہ رائفلز، ریاستی پولس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقے کو منگل کی علی الصبح محاصرے میں لیکر کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع ہوا۔


انہوں نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران ملی ٹنٹوں نے فورسز کو نشانہ بناکر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین فوجی اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے ایک اہلکار سری نگر کی بادامی باغ فوجی چھاؤنی میں واقع 92 بیس اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا۔ جوابی کارروائی میں فورسز نے دو ملی ٹنٹوں کو ہلاک کیا۔

دفاعی ذرائع نے ایک فوجی اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دیگر دو زخمی اہلکاروں کو 92 بیس اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ علاقے میں آپریشن جاری ہے۔


سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع اننت ناگ میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات پیر کی صبح سے معطل ہیں۔ واضح رہے کہ اسی ضلع کے بڈورہ اچھہ بل میں پیر کی ملی ٹنٹوں اور فورسز کے درمیان تصادم شروع ہوا تھا جو ایک ملی ٹنٹ اور ایک فوجی افسر کی ہلاکت پر ختم ہوگیا تھا۔ تصادم کے دوران فوج کے دیگر دو اہلکار بھی زخمی ہوئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔