یاسین ملک کے گھر کے باہر ملک مخالف نعرہ بازی کرنے والے کلیدی ملزم سمیت 19 گرفتار: پولیس

سری نگر پولیس نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ مائسمہ میں یاسین ملک کے گھر کے باہر ملک مخالف نعرہ بازی کرنے اور پتھر بازی کرنے والے 19 ملزموں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

تصویر ٹوئٹر @SrinagarPolice
تصویر ٹوئٹر @SrinagarPolice
user

یو این آئی

سری نگر: سری نگر پولیس نے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما یاسین ملک کے گھر واقع مائسمہ کے باہر بدھ کو ملک مخالف نعرہ بازی کرنے اور پتھر بازی کے الزام میں کلیدی ملزم سمیت 19 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے نوجوانوں سے ایک بار پھر ایسی سرگرمیاں انجام دینے سے باز رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اب اس طرح کی سرگرمیوں کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔

سری نگر پولیس نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ مائسمہ میں یاسین ملک کے گھر کے باہر ملک مخالف نعرہ بازی کرنے اور پتھر بازی کرنے والے 19 ملزموں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ’ نوجوانوں سے ایک بار گزارش کی جاتی ہے کہ وہ ایسی سرگرمیاں انجام نہ دیں جو ان کے کیریئر کو تباہ کر سکتی ہیں اور ان کے اہلخانہ کے لئے پریشانی کا باعث ہیں‘۔


اُن کے مطابق مائسمہ میں پتھر بازی کا واقع رونما ہونے کے بعد پولیس نے ثبوت و شواہد اکھٹا کئے اور اسی بنا پر مختلف علاقوں میں چھاپہ ماری کی جس دوران کلیدی ملزم سمیت انیس افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ پولیس نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ نعرہ بازی اور سنگ بازی میں ملوث باقی افراد کی شناخت معلوم کی جا رہی ہیں اور ان کو بھی بہت جلد گرفتار کیا جائے گا۔

ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ’ پولیس نے اس ضمن میں پہلے ہی ایف آئی آر زیر نمبر10/2022 کے تحت ایک کیس درج کیا ہے۔ ٹوئٹ میں مزید کہا گیا کہ ’ایسی ملک مخالف سرگرمیوں اور اشتعال انگیز حرکات کے ساتھ ہمیشہ سختی اور قانون کی پوری طاقت کے ساتھ نمٹا جائے گا‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔