جموں و کشمیر میں سال رواں کے دوران 72 آپریشنز میں 177 ملی ٹنٹ مارے گئے: دلباغ سنگھ

دلباغ سنگھ نے کہا کہ سال 2020 ملی ٹنٹ مخالف آپریشنز کے حوالے سے بھی کامیاب رہا ہے۔ اس سال کے دوران اب تک کل 72 آپریشنز کیے گئے جن میں مجموعی طور پر 177 ملی ٹنٹ ہلاک کیے گئے ہیں۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: جموں و کشمیر پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے کہا ہے کہ سال رواں کے دوران جموں و کشمیر میں اب تک 72 ملی ٹنٹ مخالف آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 177 ملی ٹنٹ مارے گئے ہیں جن میں سے 12 ملی ٹنٹ صوبہ جموں میں ہلاک کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سال رواں کے دوران اب تک 20 نوجوان ملی ٹنٹوں کی صفوں سے ناطہ توڑ کر گھر والوں کے ساتھ مل گئے ہیں۔

موصوف نے کہا کہ ان مہلوک ملی ٹنٹوں میں سے 22 ملی ٹنٹ غیر ملکی ہیں جنہیں پاکستان نے یہاں بھیجا ہے۔ دلباغ سنگھ نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں پولیس کنٹرول روم میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ 'سال 2020 ملی ٹنٹ مخالف آپریشنز کے حوالے سے بھی کامیاب سال رہا ہے۔ اس سال کے دوران اب تک کل 72 آپریشنز کیے گئے جن میں مجموعی طور پر 177 ملی ٹنٹ ہلاک کیے گئے۔ ان مہلوک ملی ٹنٹوں میں سے 12 صوبہ جموں میں مارے گئے جبکہ باقی 165 یہاں کشمیر میں ہلاک کیے گئے'۔


موصوف پولیس سربراہ نے کہا کہ سال رواں کے دوران مہلوک ملی ٹنٹوں میں سے 22 ملی ٹنٹ غیر ملکی تھے۔ انہوں نے کہا کہ 'سال رواں کے دوران اب تک مارے گئے ملی ٹنٹوں میں سے 22 غیر ملکی ملی ٹنٹ ہیں۔ جیش محمد اور لشکر طیبہ نامی ملی ٹنٹ تنظیموں میں کافی تعداد میں پاکستانی ملی ٹنٹ شامل ہیں'۔ دلباغ سنگھ نے کہا کہ امسال اب تک 20 نوجوانوں نے ملی ٹنٹوں کی صفوں سے ناطہ توڑ دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ہر جگہ کوششیں رہتی ہیں کہ تصادم آرائی کے دوران بھی ملی ٹنٹوں کو خود سپردگی کرنے کا موقع دیا جائے اور ہماری یہ بھی کوششیں رہتی ہیں کہ غلط راستہ اختیار کرنے والے نوجوان صحیح راستے پر آکر اپنی زندگی گزر بسر کریں۔ موصوف نے نوجوانوں سے ایک بار پھر تشدد کا راستہ ترک کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 'میری نوجوانوں سے ایک بار پھر اپیل ہے کہ وہ غلط راستے کوترک کریں کیونکہ یہ نہ صرف ان کے لئے خطرہ ہے بلکہ پورے سماج اور لوگوں کے لئے بھی ایک خطرہ بن جاتا ہے'۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔