کورونا ویکسین نئے سال تک دستیاب ہونے کی امید، وزیر صحت کا پارلیمنٹ میں بیان

وزیر صحت نے کہا آج ملک میں پی پی آئی کٹس بنانے والی 110 کمپنیاں ہیں۔ اب ملک میں وینٹی لیٹر بنانے والوں کی تعداد بھی بڑھ کر 25 ہوگئی ہے اور این-95 ماسک کے 10 بڑے پروڈیوسر بھی موجود ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے جمعرات کو راجیہ سبھا میں کہا کہ ہندوستان میں نئی ​کورونا ​ویکسین کے لئے ٹرائلز فیز 1، فیز 2 اور فیز 3 میں پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’ایک ماہر گروپ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں اس آزمائش کا تجربہ کر رہا ہے اور مجھے امید ہے کہ اگلے سال کے اوائل تک ہندوستان میں ویکسین دستیاب ہو جانی چاہیے۔‘‘

ہرش وردھن نے کہا ہم ڈبلیو ایچ او کے ساتھ بھی رابطہ میں ہیں۔ حکومت کی طرف سے کورونا انفیکشن کی روک تھام کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے ہرش وردھن نے کہا کہ ابتدا میں صرف ایک ہی ٹیسٹنگ لیب کی سہولت موجود تھی لیکن اب 1700 لیب کام کر رہی ہین۔


وزیر صحت نے کہا آج ملک میں پی پی آئی کٹس بنانے والی 110 کمپنیاں ہیں۔ ملک میں وینٹی لیٹر بنانے والوں کی تعداد بھی بڑھ کر 25 ہو گئی ہے۔ این-95 کے ماسک کے 10 بڑے پروڈیوسر بھی ہیں، اس سے قبل ہمیں وینٹی لیٹروں کی درآمد پر انحصار کرنا پڑتا تھا۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ مرکزی حکومت نے کبھی بھی ریاستوں کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا۔

تاہم ، انہوں نے اعتراف کیا کہ اس لاک ڈاؤن کے باعث مہاجر مزدوروں کو کچھ وقت کے لئے تکلیف کا سامنا کرنا پڑا، لیکن مرکزی وزارت داخلہ نے ٹرینوں کے ذریعہ تقریباً 64 لاکھ مہاجر مزدوروں کو ان کی آبائی ریاست منتقل کرنے کے لئے بروقت اقدامات کیے۔ ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا کہ ہندوستان میں کورونا سے اموات کی شرح پوری دنیا میں سب سے کم ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔