غلام نبی آزاد کی پارٹی میں جانے والے 17 سابق لیڈروں کی کانگریس میں واپسی، سابق نائب وزیر اعلیٰ تاراچند بھی لوٹے واپس

جموں و کشمیر کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تارا چند، پردیش کانگریس کمیٹی کے سابق صدر پیرزادہ محمد اور دیگر 15 لیڈر کانگریس میں واپس آگئے ہیں، پارٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے ان کا خیرمقدم کیا

<div class="paragraphs"><p>تصویر ٹوئٹر</p></div>

تصویر ٹوئٹر

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: راہل گاندھی کی قیادت میں جاری کانگریس کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے جموں و کشمیر پہنچنے سے پہلے ہی ریاست کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تاراچند سمیت ایک درجن سے زیادہ لیڈر کانگریس میں واپس لوٹ آئے۔ سابق مرکزی وزیر غلام نبی آزاد کی قیادت والی ڈیموکریٹک آزاد پارٹی (ڈی اے پی) کے 17 سابق لیڈروں نے جمعہ کو کانگریس میں شمولیت اختیار کی، جن میں ریاست کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تاراچند بھی شامل ہیں۔

تارا چند، پردیش کانگریس کمیٹی کے سابق صدر پیرزادہ محمد اور دیگر 15 لیڈر کانگریس میں واپس آگئے ہیں۔ جبکہ پارٹی میں واپسی کرنے والوں میں منوہر لال اور بلوان سنگھ، تین بار وزیر رہنے والے پیرزادہ محمد سعید، محمد مظفر پارے، موہندر بھاردواج، بھوشن ڈوگرا، ونود شرما، نریندر شرما، نریش شرما، امبریش مگوترا، سبھاش بھگت سنتوش منہاس، بدری ناتھ شرما، ورون مگوترا، انورادھا شرما، وجے ترگوترا اور چندر پربھا شرما (ڈی اے پی کی سینئر خاتون لیڈر) کے نام بھی شامل ہیں۔


کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے ان لیڈروں کا پارٹی میں خیرمقدم کیا۔ وینوگوپال نے کہا، "بھارت جوڑو یاترا جموں و کشمیر میں داخل ہونے سے پہلے ہمارے بہت سے رہنما گھر واپس آ رہے ہیں، یہ بڑی خوشی کی بات ہے۔"

کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ڈی اے پی کے کئی اور لیڈر کانگریس میں واپس آئیں گے۔ خیال رہے کہ آزاد نے گزشتہ سال اگست میں کانگریس سے استعفیٰ دے دیا تھا اور پھر ڈی اے پی کی بنیاد رکھی تھی۔ پارٹی کے قیام کے چند ہفتے بعد ہی اس میں اختلاف شروع ہو گیا۔ تارا چند اور کچھ دوسرے لیڈروں کو ماضی میں ڈی اے پی سے نکال دیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔