روس گئے ہندوستان کے 14 افراد لاپتہ، کانگریس نے حکومت ہند کے سامنے بیان کیا متاثرہ کنبوں کا درد
کانگریس نے حکومت ہند سے سوال کیا ہے کہ کیا حکومت ہند روس سے پوچھے گی کہ بغیر اجازت کے ہمارے لوگوں کو وہاں کی فوج میں بھرتی کیوں کیا گیا؟
رکن پارلیمنٹ امرندر سنگھ راجہ وڈنگ (درمیان میں) پریس کانفرنس کرتے ہوئے
کانگریس نے روس گئے کچھ ہندوستانی باشندوں کے لاپتہ ہونے پر آج اپنی فکر حکومت ہند کے سامنے ظاہر کی۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ امرندر سنگھ راجہ وڈنگ نے پریس کانفرنس کے دوران متاثرہ کنبوں کا درد حکومت ہند کے سامنے رکھا اور بتایا کہ لاکھ کوششوں کے بعد بھی انھیں اپنوں کا پتہ نہیں مل رہا ہے، اس لیے حکومت ہند کو مدد کرنی چاہیے۔ کانگریس لیڈر نے حکومت ہند کے سامنے کچھ تلخ سوالات بھی رکھے جو ہندوستانی باشندوں کے غلط طریقے سے روس پہنچنے، اور پھر وہاں کی فوج میں جبراً بھرتی کیے جانے سے متعلق ہیں۔
امرندر سنگھ راجہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ’’نریندر مودی کے ’امرت کال‘ میں جیسا کام چل رہا ہے، وہ بے حد فکر انگیز ہے۔ آج میرے ساتھ جگدیپ اور خوشبو یادو (2 متاثرہ کنبوں کے نمائندے) بیٹھے ہیں۔ یہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے اپنے بھائی کو تلاش کر رہے ہیں، جو روس میں لاپتہ ہیں۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’دسمبر 2023 میں 126 افراد اپنے گھر کا چولہا جلانے کے لیے ایجنٹ کے ذریعہ سے بیرون ملک گئے تھے۔ وہ لوگ سنگاپور، ملیشیا، اور اٹلی جانا چاہتے تھے، لیکن ان کو ماسکو بھیج دیا گیا۔‘‘
کانگریس لیڈر نے پریس کانفرنس میں اپنے ساتھ بیٹھے جگدیپ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے میڈیا سے کہا کہ ’’جگدیپ جی نے بتایا کہ ایجنٹ کے ذریعہ سے 5 لوگ ماسکو گئے تھے۔ انھوں نے اس کے لیے 35.40 لاکھ روپے دیے۔ وہ اٹلی جانا چاہتے تھے، لیکن انھیں اٹلی نہ بھیج کر ماسکو بھیج دیا گیا۔ اس کے بعد ماسکو کی حکومت نے ان لوگوں کو فوج میں بھرتی کر لیا۔ فوج کے لیے انھیں 15 دن کی ٹریننگ دے کر مشین گن پکڑا دی گئی۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’126 لوگ جو الگ الگ ممالک جانا چاہتے تھے، اور ماسکو بھیج دیے گئے، ان میں 14 لاپتہ ہیں۔ تقریباً 100 افراد واپس ہندوستان آ چکے ہیں، کیونکہ کچھ لوگوں کو گولی لگ گئی اور کئی لوگ زخمی ہو گئے۔ وہاں سے واپس آئے لوگوں نے بتایا کہ جگدیپ کے بھائی سے ٹریننگ نہیں ہوتی تھی، جس کی وجہ سے ان کو مارا جاتا تھا۔‘‘
جگدیپ اور خوشبو یادو کے بارے میں امرندر سنگھ راجہ نے بتایا کہ دونوں ہی نے اپنے بھائی کو واپس لانے کے لیے ہر وزارت سے رابطہ کیا، لیکن ان کی بات کسی نے نہیں سنی۔ کانگریس لیڈر نے یہ بھی بتایا کہ لاپتہ 14 افراد میں اتر پردیش کے 9، پنجاب کے 3 اور مہاراشٹر و کشمیر کے 1-1 شخص ہیں۔ ان لوگوں کا پتہ لگانے کی کوشش میں گھر والے لگے ہوئے ہیں، لیکن حکومت میں ان کی کوئی سماعت نہیں ہو رہی ہے۔
امرندر سنگھ راجہ نے متاثرہ کنبہ کا درد بیان کرنے کے بعد مودی حکومت کے سامنے 4 تلخ سوالات رکھ دیے۔ انھوں نے پوچھا کہ:
کیا ہندوستانی حکومت روس سے پوچھے گی کہ بغیر اجازت کے ہمارے لوگوں کو وہاں کی فوج میں بھرتی کیوں کیا گیا؟
کیا ہندوستانی حکومت نے ہمارے لوگوں کو واپس لانے کی کوئی کوشش کی ہے؟
ہمارے جو لوگ آج بھی لاپتہ ہیں، کیا حکومت نے ان کی کوئی مدد کی ہے؟
کیا حکومت نے ان ایجنٹوں کے اوپر کوئی کارروائی کی ہے، جو روس کی حکومت سے ملے ہوئے ہیں اور یہاں سے نوجوانوں کو لے کر وہاں جا رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔