آسام میں 100 کروڑ کا زمینی گھوٹالہ! کانگریس کا وزیر اعلیٰ کو برخاست کرنے کا مطالبہ

کانگریس رہنماؤں نے کہا کہ یہ بے حد نازک معاملہ ہے۔ اس میں وزیراعلی کے خاندان کے لوگوں نے عہدے کا غلط استعمال کر کے غریبوں کے حق کو چھینا ہے۔

ہیمنت بسوا سرما
ہیمنت بسوا سرما
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس نے آسام کے وزیراعلی ہیمنت وشوا سرما کے خاندان پر سو کروڑ روپے سے زیادہ کی زمین کے گھپلے میں شامل ہونے کا الزام لگاتے ہوئے معاملے کی سپریم کورٹ کے جج کی نگرانی میں جانچ کرنے اور وزیراعلی کو فوری طور پر برخاست کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

کانگریس کے آسام کے انچارج جنرل سکریٹری جتیندر سنگھ، پارٹی کے ریاستی صدر ریپن بورا، لوک سبھا میں کانگریس پارلیمانی پارٹی کے لیڈر گورو گوگوئی، ریاستی کانگریس کے سینئر لیڈر عبدالخالق اور کانگریس ترجمان گورو بلو نے اتوار کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں خصوصی پریس کانفرنس میں کہا کہ حال میں ہوئے انکشاف کے مطابق وزیراعلی کی اہلیہ اور خاندان کے دیگر لوگوں نے غریبوں کے لئے الاٹ زمین کی تحویل کی ہے اور قریب 100 کروڑ روپے سے زیادہ کی جائیداد کو حاصل کرکے اس پر قبضہ کرلیا ہے۔


انہوں نے کہا کہ جو زمین غریبوں کو دی جانی تھی وزیراعلی کے خاندان نے اس زمین پر قبضہ کرکے غریبوں کے حق کو مار لیا ہے۔ کانگریس رہنماؤں نے کہا کہ یہ بے حد نازک معاملہ ہے۔ اس میں وزیراعلی کے خاندان کے لوگوں نے عہدے کا غلط استعمال کر کے غریبوں کے حق کو چھینا ہے۔ اس معاملے کی سپریم کورٹ کے جج کی دیکھ ریکھ میں جانچ ہو اور وزیراعلی کو فوری طور پر برخاست کیا جانا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ہیمنت وشوا سرما جب ریاست میں وزیر تھے تب ہی انہوں نے اس زمین کے ایک حصے کو اپنے خاندان کی کمپنی کے نام کروا دیا تھا اور اب پوری زمین کو قبضہ کر کے غریبوں کے لئے دی گئی زمین کو تیار کر دیا ہے۔ اس زمین کی قیمت ایک ارب سے زیادہ ہونے کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔