دہلی اردو اکیڈمی کے ذریعہ منعقدہ اردو سرٹیفکیٹ کورس کے ٹاپرس کو اعزاز سے نوازا گیا

دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے کہا کہ ’’یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ تمام طبقوں، عمروں اور پیشوں کے لوگ اکیڈمی کے ذریعے اردو سیکھنے میں شامل ہیں۔‘‘

تصویر بذریعہ پریس ریلیز
تصویر بذریعہ پریس ریلیز
user

پریس ریلیز

نئی دہلی: نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے آج ایک تقریب کے دوران دہلی اردو اکیڈمی کے ذریعہ منعقدہ اردو سرٹیفکیٹ کورس کے ٹاپرس کو اعزاز سے نوازا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ تمام طبقوں، عمروں اور پیشوں کے لوگ اکیڈمی کے ذریعے اردو سیکھنے میں شامل ہیں۔

نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے اردو سرٹیفکیٹ کورس مکمل کرنے والے لوگوں سے بات چیت کی اور کورس کے دوران ان کے تجربات کو جانا۔ دراصل اردو اکیڈمی، کی جانب سے ان لوگوں کے لیے ایک سالہ سرٹیفکیٹ کورس چلایا جاتا ہے جو اردو زبان کے پھیلاؤ کو بڑھانا اور اردو سیکھنا چاہتے ہیں۔ اس سرٹیفکیٹ کورس کو دہلی یونیورسٹی نے تسلیم کیا ہے۔ یہ کورس 85-1984 میں شروع کیا گیا تھا۔ ہر سال تقریباً 500-550 لوگ اس کورس میں داخلہ لیتے ہیں۔ اس ایک سالہ سرٹیفکیٹ کورس میں لوگوں کو ہر شام ایک گھنٹے کی کلاس میں اردو زبان کی ابتدائی تعلیم دی جاتی ہے۔ یہ کورس دہلی میں موجود 7 مختلف مراکز کے ذریعے کرایا جاتا ہے۔


پیر کو، سیشن 19-2018، 20-2019 میں اس کورس کو مکمل کرتے ہوئے، پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے اعزاز سے نوازا۔ اس موقع پر سسودیا نے سرٹیفکیٹ کورس مکمل کرنے والے لوگوں سے بات چیت کی اور کورس کے دوران ان کے تجربات سے واقفیت حاصل کی تاکہ اس کورس کو بہتر بنایا جا سکے۔

کشمیری گیٹ سینٹر سے 19-2018 کے سیشن کے ٹاپر کرشنا شرما نے کہا کہ ’’مجھے کوی سمیلن میں جانے کا شوق تھا۔ ایک بار ایک کانفرنس میں بورڈ پر اردو میں لکھی ہوئی معلومات کی وجہ سے میں اسے پڑھ نہیں سکا اور مجھے دوسروں کی مدد لینی پڑی۔ اسی دن میں نے فیصلہ کر لیا کہ میں اردو سیکھنا چاہتا ہوں اور میں نے ان کی مدد سے اردو سیکھی۔ دہلی اردو اکیڈمی کے اردو سرٹیفکیٹ کورس سے اردو سیکھنے کا موقع ملا۔‘‘ میور وہار سینٹر کی ٹاپر پونم سریواستو نے کہا کہ ’’میں بچپن سے ہی اردو سیکھنا چاہتی تھی لیکن نہیں سیکھ سکی۔ ملازمت سے سبکدوش ہونے کے بعد دہلی اردو اکیڈمی کی وجہ سے میری یہ خواہش پوری ہوئی۔‘‘


قابل ذکر ہے کہ اکیڈمی یہ سرٹیفکیٹ کورس کشمیری گیٹ، یمنا وہار، قدوائی نگر، چاند نگر (جنک پوری)، نظام الدین، لکشمی نگر، میور وہار سے کرواتی ہے۔ اکیڈمی اس سرٹیفکیٹ کورس کا ایک آن لائن ماڈیول بھی تیار کر رہی ہے تاکہ مستقبل میں زیادہ سے زیادہ لوگ اس کورس میں شامل ہو کر اردو سیکھ سکیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔