حیدرآباد فائنل میں، راجستھان رائلز کو دوسرے کوالیفائر میں شکست دی

سن رائزرز حیدرآباد نے راجستھان رائلز کو 36 رنز سے شکست دے کر آئی پی ایل 2024 کے فائنل میں جگہ بنالی ۔ ابھیشیک شرما نے بلے سے نہیں بولنگ سے تباہی مچائی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

سن رائزرس حیدرآباد یعنی ایس آر ایچ  نے راجستھان رائلز کو 36 رنز سے شکست دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایس آر ایچ آئی پی ایل 2024 کے فائنل میں پہنچ گیا ہے اور 26 مئی کو فائنل میں اس کا مقابلہ کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) سے ہوگا۔ کل  چیپک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں حیدرآباد نے پہلے کھیلتے ہوئے 175 رنز بنائے تھے۔ ہینرک کلاسن نے ففٹی اسکور کی جبکہ راہل ترپاٹھی نے 15 گیندوں میں 37 رنز کی اننگز کھیل کر ایس آر ایچ کو باعزت اسکور تک پہنچایا۔ راجستھان کی ٹیم جب ہدف کا تعاقب کرنے آئی تو یشسوی جیسوال کے علاوہ ٹیم کی پوری بیٹنگ لائن اپ جدوجہد کرتی نظر آئی۔ جیسوال نے 21 گیندوں میں 42 رنز بنائے اور اس اننگز کے دوران اس نے 4 چوکے اور 3 چھکے لگائے۔ اس میچ کا خاص پہلو زشہباز احمد کی گیند بازی رہی جس میں اس نے درمیانی اوورز میں 3 اہم وکٹیں لے کر میچ کا رخ ہی بدل دیا۔

176 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے راجستھان رائلز کا پہلا وکٹ 24 رنز پر گر گیا۔ ٹام کوہلر کیڈمور 16 گیندوں پر صرف 10 رنز بنا سکے۔ پاور پلے کے اختتام تک راجستھان رائلز یعنی  آر آر نے ایک وکٹ کے نقصان پر 51 رنز بنائے تھے۔ اس دوران یشسوی جیسوال اور کپتان سنجو سیمسن کے درمیان 41 رنز کی شراکت ہوئی لیکن آٹھویں اوور میں جیسوال 42 رنز کے اسکور پر عبدالصمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اگلے ہی اوور میں سیمسن بھی 10 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ راجستھان کا اسکور 10 اوور میں 3 وکٹ پر 73 رن تھا۔ آر آر کے لیے حالات بہتر ہونے والے نہیں تھے کیونکہ شہباز احمد نے 12ویں اوور میں ریان پراگ (6 رنز) اور روی چندرن اشون (0 رنز) کی وکٹیں لے کر راجستھان کی بیٹنگ کی کمر توڑ دی۔ 15 اوورز میں آر آر نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 102 رنز بنائے تھے اور ٹیم کو جیت کے لیے ابھی 74 رنز درکار تھے۔ اگلے 2 اوور میں 21 رنز آئے لیکن 18ویں اوور میں ایس آر ایچ کی جیت تقریباً یقینی ہو گئی۔ ٹی نٹراجن نے روومن پاول کو 6 رنز پر آؤٹ کیا، لیکن دھرو جورل ابھی بھی کریز پر موجود تھے۔ 19ویں اوور میں 10 رنز آئے جس کی وجہ سے راجستھان کے لیے آخری 6 گیندوں پر 42 رنز بنانا ناممکن ہو گیا۔ ہدف کے تعاقب میں آر آر صرف 139 رنز بنا سکی۔ اس کے ساتھ ہی ایس آر ایچ نے 36 رنز سے کامیابی حاصل کی ہے۔


سن رائزرس حیدرآباد کے کھلاڑی ابھیشیک شرما نے اس میچ میں بلے سے 5 گیندوں میں 12 رنز بنائے اور ایس آر ایچ کی اننگز کے پہلے ہی اوور میں آؤٹ ہوگئے۔ لیکن راجستھان رائلز کے خلاف میچ میں انہوں نے اسپیل کے ایک یا دو نہیں بلکہ چار اوور پھینکے۔ ابھیشیک نے 4 اوور میں صرف 24 رن دے کر دو اہم وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے ساتھ شہباز احمد کی اسپن کا جادو کام کر گیا جنہوں نے 4 اوورز میں 23 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے کوالیفائر 1 میں سن رائزرز حیدرآباد کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر آئی پی ایل 2024 کے فائنل میں جگہ بنالی۔ چونکہ ایس آر ایچ  پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے نمبر پر رہا، اس لیے اسے فائنل میں پہنچنے کا دوسرا موقع ملا۔ راجستھان نے ایلیمینیٹر میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور کو شکست دے کر دوسرے کوالیفائر میچ میں جگہ بنائی۔ لیکن اب دوسرے کوالیفائر میچ میں حیدرآباد نے راجستھان کو شکست دے کر ٹائٹل کے مقابلے میں جگہ بنا لی ہے۔ حیدرآباد اور کولکتہ کے درمیان فائنل میچ 26 مئی کو چیپک اسٹیڈیم، چنئی میں کھیلا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔