راجستھان کی مسلسل چوتھی شکست، دلچسپ مقابلے میں پنجاب نے 5 وکٹوں سے ہرایا

پنجاب کنگز نے راجستھان رائلز کو 5 وکٹوں سے شکست دی ۔ کپتان سیم کرن نے دباؤ میں آکر ناقابل شکست نصف سنچری کھیلی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

پنجاب کنگز نے راجستھان رائلز کو 5 وکٹوں سے شکست دی ۔ اس کم اسکور والے میچ میں راجستھان رائلز یعنی  آر آر نے پہلے کھیلتے ہوئے 144 رنز بنائے تھے۔ راجستھان کی اننگز ڈگمگا رہی تھی لیکن درمیانی اوورز میں ریان پراگ اور روی چندرن اشون کی 50 رنز کی اہم شراکت نے پنجاب کو 145 رنز کا ہدف دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پنجاب کی جانب سے کپتان سیم کرن نے سب سے زیادہ رنز بنائے جنہوں نے 41 گیندوں میں 63 رنز بنائے۔ اس دوران انہوں نے 5 چوکے اور 3 چھکے بھی لگائے۔ ان کی جیتیش شرما کے ساتھ 63 رنز کی شراکت تھی جنہوں نے 20 گیندوں میں 22 رنز بنائے۔ آر آر کی طرف سے اویش خان اور یجویندر چہل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ آئی پی ایل 2024 میں راجستھان رائلز کی یہ لگاتار چوتھی شکست رہی۔

145 رنز کا اسکور چھوٹا لگتا ہے لیکن مشکل پچ پر یہ ہدف حاصل کرنا پنجاب کنگز کے لیے آسان نہیں تھا۔ پنجاب کنگز کے لیے بہت خراب آغاز تھا کیونکہ ٹیم نے پاور پلے اوورز میں 39 رنز کے اندر 3 بڑی وکٹیں گنوا دیں۔ پربھسمرن سنگھ نے 6 رنز بنائے، ریلی روسو نے 13 گیندوں میں 22 رنز بنائے اور ششانک سنگھ صفر کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ اس دوران جونی بیرسٹو نے 22 گیندوں پر 14 رنز کی انتہائی سست اننگز کھیلی۔ درمیانی اوورز میں کپتان سیم کرن اور جیتیش شرما کے درمیان 63 رنز کی شراکت ہوئی جس کی بنیاد پر پنجاب نے 15 اوورز میں 103 رنز بنائے۔ پنجاب کو آخری 5 اوور میں جیت کے لیے 42 رنز درکار تھے۔ اس دوران 16ویں اوور میں یجویندر چہل نے 22 رنز کے سکور پر جیتیش شرما کو آؤٹ کر کے پنجاب کو بڑا جھٹکا دیا۔ سیم کرن نے 18ویں اوور میں 38 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ ٹیم کو آخری 2 اوورز میں صرف 15 رنز درکار تھے۔ کرن کے علاوہ آشوتوش شرما بھی کریز پر موجود تھے۔ اویش خان نے 19ویں اوور میں 2 چھکے لگائے جس کی بدولت پنجاب کنگز نے میچ 5 وکٹوں سے جیت لیا۔


راجستھان رائلز کے خلاف میچ سے قبل ہرشل پٹیل نے 12 میچوں میں 20 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اب آر آر کے خلاف میچ میں 2 وکٹیں لے کر وہ پرپل کیپ کی دوڑ میں سب سے اوپر آ گئے ہیں۔ اس سیزن میں اب ان کے نام 22 وکٹیں ہیں اور ان کے بعد ممبئی انڈینز کے جسپریت بمراہ دوسرے نمبر پر ہیں۔ بمراہ نے آئی پی ایل 2024 میں اب تک 20 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ہرشل پٹیل کے علاوہ پنجاب کنگز کے ارشدیپ سنگھ بھی ٹاپ 5 میں شامل ہیں جن کے نام اس وقت 17 وکٹیں ہیں۔

راجستھان رائلز کے 13 میچوں میں 8 جیت کے بعد اب 16 پوائنٹس ہیں۔ جبکہ ٹیبل ٹاپر کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے 13 میچوں میں 9 جیت کے بعد 19 پوائنٹس ہیں۔ یہاں تک کہ اگر کے کے آر لیگ مرحلے میں اپنا آخری میچ ہار جاتی ہے، آرآر اب پوائنٹس ٹیبل کے اوپر نہیں پہنچ سکتا کیونکہ ٹیم اب صرف 18 پوائنٹس تک پہنچ سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔