آر سی بی نے لکھنؤ کے سامنے گھر پر گھٹنے ٹیکے
لکھنؤ سپر جائنٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے 181 رن بنائے تھے، لیکن آر سی بی کی بیٹنگ لائن اپ مینک یادو کی ہوا سے کٹنے والی گیند کے خلاف بری طرح جدوجہد کرتی نظر آئی۔
کل رائل چیلنجرز بنگلور اور لکھنؤ سپر جائنٹس کے درمیان میچ کھیلا گیا۔ آر سی بی کے کپتان فاف ڈو پلیسس نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کی۔ لکھنؤ سپر جائنٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے 181 رنز بنائے۔ اس دوران کوئنٹن ڈی کاک نے 56 گیندوں پر 81 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ نکولس پورن نے بھی ایل ایس جی کو بڑے اسکور تک پہنچانے میں 21 گیندوں پر 40 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ دوسری جانب بولنگ میں مینک یادو نے اس بار بھی اپنی رفتار سے بلے بازوں کو سمجھنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔ مینک نے 3 اہم وکٹ لیے اور لکھنؤ کو 28 رنز سے جیتنے میں مدد کی۔
ایل ایس جی کے لیے کوئنٹن ڈی کاک اور کے ایل راہل نے اننگز کا آغاز کیا۔ راہل بہت اچھے لگ رہے تھے لیکن گلین میکسویل کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 14 گیندوں میں 2 چھکے لگا کر 20 رنز بنائے۔ دوسری جانب کوئنٹن ڈی کاک نے 81 رنز کی شاندار اننگز کے دوران 8 چوکے اور 5 طاقتور چھکے لگائے۔ دیو دت پڈیکل کچھ خاص نہ کر سکے لیکن مارکس اسٹوئنس نے 15 گیندوں میں 24 رنزبنائے۔ ان کے علاوہ اس سیزن میں نکولس پورن کے بلے میں بھی آگ لگی ہے جنہوں نے 21 گیندوں پر 1 چوکا اور 5 چھکے لگا کر 40 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کو 181 رنز کے اسکور تک لے گئے۔
ویراٹ کوہلی اور فاف ڈوپلیسی نے آر سی بی کی جانب سے اننگز کا آغاز کیا۔ اس بار کوہلی 16 گیندوں میں صرف 22 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ جیسے ہی مینک یادو کا اسپیل شروع ہوا، آر سی بی کی بیٹنگ لائن اپ پوری طرح لڑکھڑاتی ہوئی نظر آئی، ایک وقت آر سی بی کا اسکور بغیر کسی وکٹ کے 40 رنز تھا، لیکن اگلے 18 رنز کے اندر ہی ٹیم نے 4 وکٹ گنوا دیے۔ ڈو پلیسس نے 19 اور رجت پاٹیدار نے 29 رنزبنائے۔
15 اوور کے بعد آر سی بی کا اسکور 6 وکٹ پر 104 رن تھا۔ مہیپال لومرر ایک متاثر کن کھلاڑی کے طور پر کریز پر آئے تھے۔ آر سی بی کو آخری 5 اوور میں 78 رنز درکار تھے، لیکن یش ٹھاکر نے 16 ویں اوور میں 19 رن دے دیے، جس کی وجہ سے ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے آر سی بی ابھی میچ میں ہے۔ نوین الحق نے بھی 17ویں اوور میں 13 رنز دیے لیکن دنیش کارتک کی وکٹ بھی حاصل کی۔ لومرر کی 13 گیندوں میں 33 رنز کی اننگز نے میچ میں جان ڈال دی تھی لیکن وہ یش ٹھاکر کی گیند پر بڑا شاٹ لگانے کی کوشش میں آؤٹ ہو گئے۔
آر سی بی کو آخری 2 اوور میں 44 رنز درکار تھے اور صرف 1 وکٹ ہاتھ میں تھا۔ محمد سراج نے روی بشنوئی کی گیند پر لگاتار 2 چھکے لگائے لیکن یہ سب ناکافی ثابت ہوئے۔ ٹیم کو آخری 6 گیندوں پر جیت کے لیے 30 رنز درکار تھے لیکن محمد سراج 20 اوورز مکمل ہونے سے پہلے ہی آؤٹ ہوگئے۔ اس طرح ایل ایس جی نے میچ 28 رنز سے جیت لیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔