جڈیجہ کی طوفانی اننگز کی بدولت چنئی کی کولکتہ پر شاندار جیت

چنئی کی آئی پی ایل کے دوسرے مرحلے میں یہ مسلسل تیسری جیت ہے اور اس جیت کے ساتھ ملے دو پوائنٹ کی بدولت چنئی کی ٹیم ٹیبل میں پھر سے چوٹی پر پہنچ گئی ہے۔

رویندر جڈیجہ، تصویر بشکریہ آئی پی ایل
رویندر جڈیجہ، تصویر بشکریہ آئی پی ایل
user

یو این آئی

ابوظہبی: آل راونڈر رویندر جڈیجہ کی آٹھ گیند پر 22 رن کی طوفانی اننگز کی بدولت چنئی سپرکنگس (سی ایس کے) نے یہاں آج آئی پی ایل 14 کے 38 ویں میچ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرس (کے کے آر) کو دو وکٹوں سے شکست دے دی۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے کولکتہ نے ٹاس جیت کر 20 اوورز میں چھ کے نقصان پر 171 رنز کا چیلنجنگ اسکور بنایا۔ جواب میں چنئی نے شروعات میں ٹاپ آرڈر کے بلے بازوں رتوراج گائیکواڈ (40)، فاف ڈو پلیسی (43) اور معین علی (32) اور آخر میں رویندرا جڈیجہ کی جارحانہ اننگز کی بدولت 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 172 رن بناکر دلچسپ مقابلے میں دو وکٹ سے جیت حاصل کرلی۔ گائیکواڈ نے دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 28 گیندوں پر 40، ڈو پلیسیس نے 30 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 43 اور جدیجا نے دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے آٹھ گیندوں پر زبردست 22 رنز بنائے۔

کے کے آر کی جانب سے سنیل نارائن نے چار اوور میں 41 رن دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ پرسدھ کرشنا، لاکی فرگیوسن، ورون چکروتی اور آندرے رسل نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ اس سے قبل کے کے آر کی طرف سے راہل ترپاٹھی (45)، نتیش رانا ناٹ آؤٹ 37 اور دنیش کارتک نے 26 رن کی بہترین اننگز کھیلی تھی۔


کولکتہ کے کپتان ایون مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ پچھلے دو میچوں کی طرح اس میچ میں بھی کولکتہ کو اچھی شروعات نہیں ملی اور ٹیم نے پہلے اوور کی آخری گیند پر شبھمن گل کو رن ​​آؤٹ کے طور پر گنوا دیا۔ لیکن وینکٹیش ایئر اور ترپاٹھی نے دوسری وکٹ کے لیے 40 رنز جوڑے۔ ایئر 15 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 18 رنز بنانے کے بعد شاردل ٹھاکر کا شکار بنے۔ مورگن 14 گیندوں میں بغیر کسی باؤنڈری کے آٹھ رنز بنانے کے بعد جوش ہیزل ووڈ کے ہاتھوں آوٹ ہوئے۔

ترپاٹھی نے 33 گیندوں میں چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 45 رنز بنائے اور وہ ٹیم کے 89 کے اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ آندرے رسل نے 15 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 20 رنز بنائے، جبکہ وکٹ کیپر کارتک نے صرف 11 گیندوں میں تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 26 رنز بنائے۔ رانا 27 گیندوں میں تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 37 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ چنئی کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے 40 رن پر دو وکٹ اور ٹھاکر نے 20 رنز پر دو وکٹیں حاصل کیں۔ چنئی کی آئی پی ایل کے دوسرے مرحلے میں یہ مسلسل تیسری جیت ہے اور اس جیت کے ساتھ ملے دو پوائنٹ کی بدولت چنئی کی ٹیم ٹیبل میں پھر سے چوٹی پر پہنچ گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔