آئی پی ایل میچ نمبر 4: کپتان اسمتھ اور سیمسن کی تیز نصف سنچری، چنئی کو جیت کے لیے چاہیے 217 رن

جب راجستھان ٹیم 200 رن کے اندر سمٹتی ہوئی نظر آ رہی تھی تو بیسویں اوور میں جیفرا آرچر نے آ کر بہترین بلے بازی کی اور لنگی اینگیڈی کو یکے بعد دیگرے 4 چھکے لگا دیے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

انڈین پریمیر لیگ 2020 کے چوتھے میچ میں آج راجستھان رائلز کی ٹیم نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چنئی سپر کنگز کے سامنے جیت کے 217 کا ہدف دیا ہے۔ حالانکہ ایک وقت سنجو سیمسن (32 گیندوں پر 74 رن، 9 چھکا 1 چوکا)کی دھواں دھار بلے بازی کو دیکھ کر ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے ٹیم کا اسکور 250 کے آس پاس جائے گا، لیکن ان کے آؤٹ ہونے کے بعد ایک طرف کپتان اسمتھ اچھی بلے بازی کرتے رہے اور دوسری طرف وکٹ گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔

جب راجستھان کا اسکور 12ویں اوور میں 132 رن تھا تو سنجو سیمسن آؤٹ ہوئے تھے، اس کے بعد تیسرا وکٹ 134 کے اسکور پر (ڈیوڈ ملر 1 رن)، چوتھا وکٹ 149 کے اسکور پر (رابن اتھپا 5 رن)، پانچواں وکٹ 167 کے اسکور پر (راہل تیواتیا 10 رن) اور چھٹا وکٹ 173 کے اسکور پر (ریان پراگ 6 رن) گر گیا۔ پھر 19ویں اوور میں رن کی رفتار تیز کرنے کی کوشش میں کپتان اسمتھ بھی 47 گیندوں پر 69 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ پھر جب راجستھان ٹیم 200 رن کے اندر سمٹتی ہوئی نظر آ رہی تھی بیسویں اوور میں جیفرا آرچر نے آ کر بہترین بلے بازی کی اور لنگی اینگیڈی کو یکے بعد دیگرے 4 چھکے لگا دیے۔ اینگیڈی کے اس اوور میں کل 30 رن بنے اور جیفرا آرچر نے 8 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 27 رن بنائے۔


جہاں تک چنئی سپر کنگز کی گیندبازی کا سوال ہے، سیم کرن نے 4 اوور میں 33 رن دے کر سب سے زیادہ 3 وکٹ لیے، جب کہ دیپک چہر، لنگی اینگیڈی اور پیوش چاؤلہ نے 4-4 اوور میں بالترتیب 31 رن، 56 رن اور 55 رن دے کر 1-1 وکٹ لیے۔ رویندر جڈیجہ نے 4 اوور میں 40 رن دے کر کوئی وکٹ نہیں لیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔