آئی پی ایل 2020: اگلے سال مضبوط ہو کر واپسی کریں گے... راہل

راہل نے کہا کہ یہ ایک عام سی بات ہے کہ ہم نے اچھی بلے بازی نہیں کی۔ یہ دباؤ کا میچ تھا اور ہم سے 180-190 کے اسکور کی توقع کی جارہی تھی لیکن بدقسمتی سے ہم دباؤ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے۔

کے ایل راہل، تصویر بشکریہ آئی پی ایل
کے ایل راہل، تصویر بشکریہ آئی پی ایل
user

یو این آئی

ابوظہبی: کنگز الیون پنجاب کے کپتان کے ایل راہل نے چنئی سپر کنگز کو نو وکٹوں سے شکست دینے کے باوجود ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد کہا کہ وہ اگلے سال مضبوط ہوکر واپسی کریں گے اور اس سال کی مایوسی کو بھول جائیں گے۔ اتوار کے روز چنئی نے بولرز کی عمدہ بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اور نوجوان اوپنر رتوراج گائکواڈ کی 62 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت کنگز الیون پنجاب کو ہراکر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔

پنجاب کی ٹیم 14 میچوں میں چھ جیت، آٹھ شکست اور 12 پوائنٹس کے ساتھ باہر ہوگئی۔ پنجاب نے اپنے پہلے سات میچوں میں صرف ایک کامیابی حاصل کی تھی جبکہ انہوں نے اگلے پانچ میچوں میں کامیابی کے لئے ایک بار پھر حیرت انگیز واپسی کی تھی، لیکن جب ضرورت پڑی تو ٹیم مسلسل دو میچ ہار گئی اور پلے آف ریس سے باہر ہوگئی۔


راہل نے کہا کہ یہ ایک عام سی بات ہے کہ ہم نے اچھی بلے بازی نہیں کی۔ یہ دباؤ کا میچ تھا اور ہم سے 180-190 کے اسکور کی توقع کی جارہی تھی لیکن بدقسمتی سے ہم دباؤ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے۔ میں مایوس ہوں لیکن ایسا آئی پی ایل میں ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کو یقین ہے کہ ہم اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ ہم نے دوسرے ہاف میں عمدہ کارکردگی کا آغاز کیا اور ہمیں فخر ہے کہ ہم نے خود کو آئی پی ایل کی ٹاپ فور ٹیموں میں شامل ہونے کا موقع فراہم کیا۔ بدقسمتی سے آج اور کل کا میچ ہمارے حق میں نہیں تھا لیکن ٹیم کو فخر ہے۔ امید ہے کہ اگلے سال مضبوط ہو کر واپسی کریں گے اور اس سال کو بھول جائیں گے۔


راہل نے کہا کہ اگر آپ مڑ کر دیکھیں تو آپ کو معلوم ہوگا کہ ہم بہت سے میچ جیت سکتے تھے لیکن ہارگئے۔ ہم سب غلطیاں کرتے ہیں اور ہم نے بھی اس سیزن میں کچھ غلطیاں کیں۔ ہمیں اسے قبول کرنے، اس سے سبق سیکھنے اور مضبوطی سے واپس آنے کی ضرورت ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔