آئی پی ایل 2020: کوہلی اور ڈیویلیرس کے تعلق سے راہل نے کیا دلچسپ مطالبہ

راہل نے مزاحیہ انداز میں کوہلی سے کہا کہ میں آئی پی ایل کے اگلے ایڈیشن میں آپ اور ڈیویلیرس پر پابندی لگانے کا مطالبہ کروں گا۔ ایک بار جب آپ 5000 رنز اسکور کرلیتے ہیں تو یہ آپ کے لیے کافی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

دبئی:رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے کپتان وراٹ کوہلی اور مڈل آرڈر بیٹسمین اے بی ڈویلیئرز انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے دو کھلاڑی ہیں۔ گیند بازوں کیلئے ایک ڈراؤنا خواب ثابت ہونے والے دونوں بلے بازوں نے ٹورنامنٹ کے تمام ایڈیشنز میں رنز کا انبار لگایا ہے۔ میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے سوشل میڈیا پر دلچسپ گفتگو کی۔ کوہلی نے لوکیش راہل سے ایک تبدیلی کے بارے میں پوچھا وہ ٹی 20 کرکٹ میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ جواب میں کرناٹک کے بلے باز نے کہا کہ وہ چاہیں گے کہ اگلے سیزن سے کوہلی اور اے بی دونوں پر آئی پی ایل کھیلنے کی پابندی عائد کی جائے۔

لوکیش راہل کا مزاحیہ انداز میں کوہلی کو کہنا تھا کہ میں آئی پی ایل کے اگلے ایڈیشن میں آپ اور اے بی پر پابندی لگانے کا مطالبہ کروں گا۔ ایک بار جب آپ 5000 رنز اسکور کرلیتے ہیں تو یہ آپ کے لیے کافی ہے ،اب دوسروں کو بھی رنز اسکور کرنے دیں ۔ وراٹ کوہلی نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک تبدیلی کے سوال پر کہا کہ وہ چاہیں گے کہ انہیں وائیڈ یا ہائی فل ٹاس نوبال کے امپائر کے فیصلے پر ریویو لینے کا آپشن ملے کیوں کہ کئی مرتبہ یہ دیکھا گیا ہے کہ کسی سنسنی خیز میچ میں امپائر کی ایک غلط کال میچ کا پانسہ پلٹ سکتی ہے۔


متحدہ عرب امارات میں کھیلے جارہے آئی پی ایل کے 13 ویں سیزن میں رائل چیلنجرس بنگلور کی ٹیم وراٹ کوہلی کی قیادت میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کررہی ہے اور شائقین کو امید ہے کہ ان کی ٹیم اس بار چمپئن بننے میں کامیاب ہوگی۔ وراٹ کوہلی اور کے ایل راہل نے بدھ کو ایک مشہور برانڈ کے لئے انسٹاگرام لائیو سیشن کیا تھا جس میں دونوں نے ٹی 20 کرکٹ میں ضوابط بدلنے کے بارے میں بات چیت کی تھی۔ اس دوران کے ایل راہل نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ آپ (وراٹ) اور اے بی ڈویلیئرز پر آئی پی ایل کھیلنے کی پابندی عائد کردی جائے۔

اہم بات یہ ہے کہ آئی پی ایل 2020 میں کے ایل راہل نے رواں سیزن میں 387 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر راہل کے ساتھی کھلاڑی مینک اگروال ہیں ۔ تاہم ان کی ٹیم کنگز الیون پنجاب پوائنٹ ٹیبل میں 2 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہے۔کوہلی نے کہا کہ بطور کپتان میرے پاس وائیڈ یا کمر کے اوپر فل ٹاس گیند کا ریویو لینے کا اختیار ہونا چاہئے۔ بعض اوقات یہ فیصلے غلط بھی ہوسکتے ہیں۔ہندوستانی کپتان نے کہا کہ ہم نے دیکھا ہے کہ آئی پی ایل اور دیگر بڑے ٹی 20 ٹورنامنٹس میں بھی یہ چیزیں بہت اہمیت رکھتی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔