آئی پی ایل 2020: اس فتح کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا، راہل

فتح کے بعد پنجاب کے کپتان راہل کافی خوش دکھائی دے رہے تھے۔ انہوں نے اس سیزن میں پہلا میچ کھیلنے پر کرس گیل کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے گیل کو بھوکے شیر سے تعبیر کیا۔

تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @IPL
تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @IPL
user

یو این آئی

شارجہ: رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف فتح کے بعد کنگز الیون پنجاب کے کپتان لوکیش راہل نے کہا ہے کہ وہ اس جیت کو الفاظ میں بیان نہیں کرسکتے ہیں۔ آئی پی ایل ۔13 میں کنگز الیون پنجاب نے جمعرات کی رات رائل چیلنجرز بنگلور کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔ یہ پنجاب کی دوسری جیت ہے۔ اس سے قبل انہوں نے صرف بنگلور کو ہی شکست دی تھی۔ فتح کے بعد پنجاب کے کپتان راہل کافی خوش دکھائی دے رہے تھے۔ انہوں نے اس سیزن میں پہلا میچ کھیلنے پر کرس گیل کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے گیل کو بھوکے شیر سے تعبیر کیا۔

راہل نے کہا کہ شیر کو بھوکا رکھنا ضروری ہے۔ گیل جہاں بھی بیٹنگ کرتے ہیں وہ خطرناک ہی ہوتے ہیں۔ وہ اسے ایک چیلنج کے طور پر لیتے ہیں۔ وہ اب بھی وہی کھلاڑی ہیں جب وہ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے تھے۔ انہوں نے آج اپنا کام کیا، وہ اس کو آگے بھی جاری رکھیں گے۔


راہل نے کہا کہ اس موقع پر پوائنٹ ٹیبل پر ہماری جو پوزیشن تھی اس سے ہم کئی گنا بہتری کی طرف آگئے ہیں۔ مقابلہ کافی قریب تھا۔ مجھے خوشی ہے کہ ہم نے رکاوٹ پار کرکے میچ جیت لیا۔ پنجاب نے آخری گیند پر میچ جیتا۔ بنگلور نے 172 رنز کا ہدف دیا تھا۔ 19 اوورز میں پنجاب نے 1 وکٹ کے نقصان پر 170 رنز بنالئے تھے۔ جیت کے لئے 2 رنز چاہیے تھے۔ پہلی اور دوسری گیندیں ڈاٹ رہیں۔ ایک رن تیسری گیند پر بنا۔ اسی کے ساتھ آخری گیند پر میچ جیتنے کے لئے ایک رن کی ضرورت تھی۔ نکولس پورن نے چھکا مار کر میچ جتا دیا۔ راہل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ انہوں نے 49 گیندوں پر ناقابل شکست 61 رنز بنائے۔

راہل نے کہا کہ میرے دل کی دھڑکنیں اتنی تیز ہوگئی تھیں کہ جتنی ہوسکتی تھیں، میرے پاس اس کے لئے ایک لفظ بھی نہیں ہے۔ ہمیں معلوم تھا کہ ہمیں اس میچ میں جیتنا ہے۔ پیٹ میں انفیکشن کے باعث کرس گیل کو پچھلے کچھ دنوں سے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ میچ سے قبل ٹیم کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر شئیر کی ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ انتظار ختم ہوگیا۔ آئی پی ایل میں ٹیم کا سفر ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ ہم باقی تمام میچ جیت سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔