آئی پی ایل 2020: ممبئی اور دہلی کے درمیان ٹکر سے نکلے گا فائنلسٹ

ممبئی نے سب سے پہلے پلے آف میں اپنی جگہ یقینی بنائی تھی لیکن وہ اپنا آخری لیگ میچ سن رائزرس حیدرآباد سے 10 وکٹوں سے ہار کر پہلے کوالیفائر میں کھیلے گی۔

تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @IPL
تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @IPL
user

یو این آئی

دبئی: دفاعی چمپئن ممبئی انڈینز اور دہلی کیپٹلز کے مابین جمعرات کو کھیلے جانے والے پہلے کوالیفائر سے آئی پی ایل 13 کا پہلا فائنلسٹ نکلے گا اور دونوں ٹیمیں فائنل میں پہنچنے کے لئے اپنی تمام تر کوششیں کریں گی چار بار کی فاتح ممبئی نے 14 میچوں میں نو جیت اور 18 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سرفہرست، جبکہ دہلی نے 14 میچوں میں آٹھ جیت اور 16 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔ ممبئی اور دہلی کے مابین پہلے کوالیفائر کی فاتح ٹیم 10 نومبر کو فائنل میں پہنچے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم 8 نومبر کو دوسرے کوالیفائر میں ایلیمنیٹر کی فاتح ٹیم کا سامنا کرے گی۔

ممبئی نے سب سے پہلے پلے آف میں اپنی جگہ یقینی بنائی تھی لیکن وہ اپنا آخری لیگ میچ سن رائزرس حیدرآباد سے 10 وکٹوں سے ہار کر پہلے کوالیفائر میں کھیلے گی۔ دوسری جانب دہلی نے اپنے آخری لیگ میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور کو شکست دی اور وہ جیتنے والے حوصلے کے ساتھ کوالیفائر میں داخل ہوگی۔ ممبئی کو اپنی آئی پی ایل کی تاریخ میں تیسری بار 10 وکٹ کی شکست کا سامنا کرنا پڑا اور ممبئی کے کپتان روہت شرما نے شکست کے بعد اعتراف کیا کہ ان کی ٹیم کے لئے دن اچھا نہیں تھا اور ٹیم دہلی کے خلاف مقابلے میں واپس آئے گی۔ ممبئی نے حیدرآباد کے خلاف اپنے تین اسٹار جسپریت بمراہ ، ہاردک پانڈیا اور ٹرینٹ بولٹ کو آرام دیا تھا اور یہ تینوں کھلاڑی کوالیفائر میں واپس آئیں گے جس سے ممبئی ٹیم مضبوط ہوگی۔


دہلی جانتی ہے کہ ممبئی اپنی ساری طاقت کے ساتھ انتہائی مضبوط ہے اور اسے ہرانا ایک مشکل کام ہے۔ اس بار دونوں ٹیموں کا اپنا پہلا میچ ابوظہبی میں تھا جس میں ممبئی نے پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ دبئی میں ہوا جس میں ممبئی نے نو وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ اس بار لیگ میچ میں ممبئی کا دہلی کے خلاف 100 فیصد ریکارڈ ہے اور اگر دہلی کو براہ راست فائنل میں جگہ بنانی ہے تو اس کے کھلاڑیوں کو کوالیفائر میں آخری لیگ میچ کی کارکردگی برقرار رکھنی ہوگی۔ دہلی کی امیدیں ایک بار پھر پچھلے میچ میں نصف سنچری بنانے والے شکھر دھون پر رہیں گی جبکہ اجنکیا رہانے کی فارم میں واپسی دہلی کے حوصلے مضبوط رکھے گی۔ رہانے نے گزشتہ میچ میں سیزن کی پہلی نصف سنچری اسکور کی تھی۔

دہلی کیپٹلز کے کپتان شریس ایئر نے کہا کہ ہم ٹورنامنٹ کی بہترین ٹیموں میں سے ایک ہیں اور ہمیں بنیادی باتوں پر قائم رہنے کی ضرورت ہے اور اگر ہم اپنے منصوبوں پر عملدرآمد کرتے رہے تو یقیناً اس کے خوشگوار نتائج برآمد ہوں گے۔ بنگلور کے خلاف دہلی کی جیت میں فیصلہ کن کردار ادا کرنے والے مین آف دی میچ فاسٹ بالر انریچ نورٹجے نے کہا ہے کہ بعض اوقات چھوٹی چھوٹی چیزیں بھی آپ کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔ نورٹجے نے چار اوورز میں 33 رن پر تین وکٹیں حاصل کرکے ٹیم کو جیتنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔


نورٹجے نے کہا کہ میں نے متعدد بار کہا ہے کہ یہ صرف بیسکس ٹھیک رکھنے کی بات ہے کسی خاص کھلاڑی کی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی طرح نہیں۔ چھوٹی چھوٹی چیزیں آپ کو اس میچ میں بہتری لانے میں مدد کرتی ہیں اور میرا خیال ہے کہ ایک بار جب آپ ان چھوٹی چھوٹی چیزوں کو ٹھیک کر لیتے ہیں تو آپ اپنی تال دوبارہ حاصل کر لیتے ہیں۔ دہلی کے ہیڈ کوچ رکی پونٹنگ نے کہا کہ کھلاڑیوں نے اپنا حوصلہ برقرار رکھا جس کی وجہ سے ٹیم آخری لیگ میچ جیت کر آئی پی ایل ٹیبل میں دوسرا مقام حاصل کرسکی۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی اس حوصلے کو برقرار رکھیں گے اور کوالیفائر میں بھی شامل ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */