آئی پی ایل 2020: ڈیولیئرز اور کوہلی کی جوڑی نے کئی ریکارڈ توڑ ڈالے

اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی کوہلی-ڈی ولیئرز کی جوڑی نے ایک خاص ریکارڈ اپنے نام کر لیا اور یہ جوڑی آئی پی ایل میں 10 مرتبہ سنچری کی شراکت داری کرنے والی جوڑی بن گئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ابو ظہبی: آئی پی ایل 2020 کے پیر کے روز کھیلے گئے مقابلہ میں رائل چیلنجرز بنگلور نے کولکاتا نائٹ رائیڈرز کو 82 رنز سے شکست دی۔ ڈی ولیئرز نے اس میچ میں 33 گیندوں پر 73 رنز کی دھماکہ خیز اننگ کھیلی۔ اس اننگز کے دوران انہوں نے 5 چوکے اور 6 چھکے لگائے۔ اس دوران بنگلور کے کپتان وراٹ کوہلی کریز پر ان کے ساتھ موجود رہے۔

کوہلی اور ڈی ولیئرز نے آخری 5 اوورز میں 83 رنز کا اضافہ کیا۔ بنگلور نے 20 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔ کولکاتا کی ٹیم لگاتار وکٹیں کھوتی ری اور پورے اوورز کھیلنے کے بعد 9 وکٹوں کے نقصان پر 112 رن ہی بنا سکی۔


اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی کوہلی-ڈی ولیئرز کی جوڑی نے ایک خاص ریکارڈ اپنے نام کر لیا اور یہ جوڑی آئی پی ایل میں 10 مرتبہ سنچری کی شراکت داری کرنے والی جوڑی بن گئی۔ کولکاتا کے خلاف کھیلے گئے میچ میں وراٹ اور ڈی ولیئرز نے 47 گیندوں میں 100 رنز جوڑے۔ بنگلور کے لئے وراٹ کوہلی اور کرس گیل نے 9 مرتبہ سنچری کی شراکت داری کی ہے۔

وہیں، شکھر دھون اور ڈیوڈ وارنر نے سن رائزرس حیدرآباد کے لئے کھیلتے ہوئے چھ مرتبہ سنچری کی شراکتیں کی ہیں۔ حیدرآباد کی موجودہ اوپننگ جوڑی ڈیوڈ وارنر اور جانی بیئرسٹو نے بھی 5 مرتبہ سنچری کی شراکت داری کی ہے۔ کوہلی نے شراکت داری کے معاملے میں اپنا ہی ریکارڈ توڑا ہے اور ایک نیا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔


کوہلی اور ڈی ولیئرز کی جوڑی 3000 رنز بنانے والی آئی پی ایل کی تاریخ کی پہلی جوڑی بھی بن گئی ہے۔ کوہلی اور گیل نے مل کر 2782 رنز بنائے ہیں۔ جبکہ دھون اور وارنر نے 2357 رنز بنائے ہیں۔ کوہلی نے اس میچ میں 28 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 33 رنز بنائے جبکہ ڈی ولیئرز کو عمدہ بلے بازی کے لئے ’مین آف دی میچ‘ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */