آئی پی ایل 2020: چنئی کی کارکردگی اور دھونی کے بیان پر سری کانت خفا

سری کانت نے کہا کہ "دھونی کہتے ہیں اب کوئی دباؤ نہیں آئے گا اور وہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیں گے۔ کیا لطیفہ ہے میں اس قسم کی بکواس کو نہیں سمجھ سکتا۔"

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

چنئی: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین کرشنماچاری سری کانت نے آئی پی ایل کے موجودہ سیزن میں چنئی سپر کنگز کی مایوس کن کارکردگی پر ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے ان کے ٹیم کمبی نیشن کو بکواس قرار دیا اور دریافت کیا کہ وہ بار بار کیدار جادھو اور پیوش چاولہ کو کیوں منتخب کررہے ہیں۔

چنئی کی ٹیم راجستھان کے خلاف سات وکٹوں سے شکست کے بعد پوائنٹس ٹیبل میؓ نچلے مقام پر پہنچ گئی اور شاید آئی پی ایل کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہوگا جب چنئی کی ٹیم پلے آف کے لئے بھی کوالیفائی نہیں کرپائے گی۔ چنئی کے لئے بہت کم امکان بچے ہیں اور صرف ایک معجزہ ہی چنئی کو پلے آف میں لے جاسکتا ہے۔ دھونی نے میچ ختم ہونے کے بعد کہا کہ ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں نے اپنی کارکردگی میں جوش و خروش کا مظاہرہ نہیں کیا جس کی وجہ سے ٹیم اس سیزن میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکی۔ دھونی کے اس بیان پر ہر طرف تنقید ہورہی ہے۔


دھونی کے بیان پر تیکھا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سری کانت نے دھونی کے دعووں کو بے بنیاد قرار دیا اور خاص طور پر لیگ اسپنر پیوش چاولہ اور بلے باز کیدار جادھؤ کے مسلسل انتخاب پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے جادھو اور چاولہ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فیلڈنگ کے لئے اسکوٹر کی ضرورت ہے۔ سری کانت نے دھونی پر کڑی تنقید کی اور اسٹارپورٹ تمل پر کہا کہ میں دھونی کے بیان کو قبول نہیں کرسکتا۔ وہ جس کے بارے میں بات کرتا ہے وہ بالکل بے بنیاد ہے۔ ان کی ٹیم کے انتخاب کا عمل در حقیقت غلط ہے۔

سابق چیف سلیکٹر نے این جگدیشن کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جگدیشن نے اس سیزن میں ایک میچ کھیلا تھا جس میں انہوں نے بنگلور کے خلاف 33 رنز بنائے تھے جبکہ جادھو آٹھ میچوں میں 62 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیا جگدیشن میں چمک نہیں ہے اور جادھو میں چمک ہے۔ یہ مضحکہ خیز ہے۔ میں ایسی چیزوں کو قبول نہیں کرسکتا۔ ایک طرف عمل کی بات ہو رہی ہے اور دوسری طرف چنئی کے لئے ٹورنامنٹ ختم ہوچکا ہے۔


سری کانت نے کہا کہ دھونی اب کہتے ہیں کہ اب کوئی دباؤ نہیں آئے گا اور وہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیں گے۔ کیا لطیفہ ہے میں اس قسم کی بکواس کو نہیں سمجھ سکتا۔ اسے جگدیشن میں کون سی چنگاری نظر نہیں آئی جو اس نے جادھو اور چاولہ میں دیکھی تھی۔ کرن شرما نے کچھ وکٹ لئے جبکہ چاؤلہ میچ ختم ہونے پر بولنگ کرنے آئے تھے۔ دھونی یقینا ایک بہترین کھلاڑی ہیں لیکن میں اس پر ان سے اتفاق نہیں کرسکتا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔