آئی پی ایل 2020: تو کیا صرف 3-3 غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ اتریں گے روہت-دھونی

ممبئی انڈینز اور چنئی سپر کنگز کے پاس اچھے غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ہندوستانی کھلاڑیوں کی بھی بہترین کھیپ موجود ہے، اس لیے ٹیمیں 3 بیرون ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ میدان پر اترنے پر غور کر رہی ہیں

تصویر سوشل میڈیا ٹوئٹر
تصویر سوشل میڈیا ٹوئٹر
user

تنویر

آج رات ساڑھے سات بجے سے آئی پی ایل کے 13ویں سیزن کا پہلا میچ ممبئی انڈینز اور چنئی سپر کنگز کے درمیان ابوظہبی میں کھیلا جانا ہے۔ لیکن اس سے پہلے سبھی کے ذہن میں یہ سوال گشت کر رہا ہے کہ دونوں ٹیموں کی پلیئنگ الیون کیا ہوگی! چونکہ دونوں ٹیمیں کافی مضبوط ہیں اور دونوں کے پاس ہی ہندوستانی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کے بڑے نام موجود ہیں اس لیے آخری گیارہ کھلاڑیوں کو منتخب کرنا کافی مشکل ہوگا۔ ایسے امکانات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ دونوں ٹیمیں 3-3 غیر ملکی کھلاڑیوں کو ہی پہلے میچ میں موقع دینا پسند کریں گی۔

دراصل آئی پی ایل میچوں میں 4 غیر ملکی کھلاڑیوں سے زیادہ کو ایک ساتھ کوئی بھی ٹیم نہیں کھلا سکتی، اور چونکہ کوئی بھی ٹیم بیرون ممالک کے مضبوط کھلاڑی کو ہی خریدتی ہے اس لیے اکثر و بیشتر چار بیرون ملکی کھلاڑی ہر ٹیم کے پلیئنگ الیون کا حصہ ہوتے ہیں۔ لیکن ممبئی انڈینز اور چنئی سپر کنگز کے ساتھ معاملہ کافی دلچسپ ہے۔ ان دونوں ٹیموں کے پاس اچھے ہندوستانی کھلاڑیوں کا متبادل زیادہ موجود ہے، اس لیے 3 بیرون ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ میدان پر اترنے پر غور کیا جا رہا ہے۔


ممبئی انڈینز میں کوئنٹن ڈی کاک اور کیرن پولارڈ کا کھیلنا طے ہے، دیکھنے والی بات یہ ہے کہ فاسٹ بالنگ اٹیک کے لیے ایک بیرون ملکی گیندباز کا انتخاب کیا جاتا ہے یا دو۔ دراصل جسپریت بمراہ تو شامل کیے ہی جائیں گے، اس کے علاوہ ہارڈک پانڈیا بھی گیندبازی کر لیتے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹیم میں ٹرینٹ بولٹ، مشیل میک لیگن، دھول کلکرنی، جیمس پیٹنسن جیسے تیز گیندباز ہیں۔ اگر دھول کلکرنی کو موقع دیا جاتا ہے تو پھر بولٹ، میک لکیگن اور جیمس پیٹنسن میں سے کسی ایک کو ہی موقع دیا جائے گا۔ اس طرح سے ٹیم میں صرف 3 باہری کھلاڑی شامل ہوں گے۔

اسی طرح چنئی سپر کنگز کی بات کی جائے تو واٹسن اور ڈوین براوو کا کھیلنا تقریباً طے ہے۔ اسپنر میں عمران طاہر اور مشیل سینٹنر میں سے ایک کا انتخاب ممکن ہے۔ لیکن مرلی وجے اور فیف ڈوپلیسی میں سے کپتان دھونی کو کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔ اور پھر شردل ٹھاکر یا سیم کرن میں سے بھی کسی ایک کا ہی انتخاب ممکن ہے۔ اگر مرلی وجے اور شردل ٹھاکر کا سلیکشن فائنل الیون میں ہوتا ہے (جس کا امکان زیادہ ہے) تو پھر چنئی کی ٹیم بھی 3 غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ ہی کھیلتی ہوئی نظر آئے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */