آئی پی ایل 2020: بیٹنگ آرڈر میں رسل کو ترقی دے سکتے ہیں... میک کولم

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میک کولم نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہماری ٹیم بہت مضبوط ہے۔ ہم میچ کے ذریعے اپنے آپشنز کا اچھا استعمال کریں گے۔

میک کولم، تصویر گیٹی ایمج
میک کولم، تصویر گیٹی ایمج
user

یو این آئی

ابو ظہبی: آئی پی ایل کے پہلے میچ میں چنئی سپر کنگز کے ہاتھوں ممبئی انڈینز کی پانچ وکٹوں سے شکست کے بعد کولکتہ نائٹ رائڈرس (کے کے آر) نے اپنے میچ کے لئے حکمت عملی مرتب کرنی شروع کردی ہے، جس میں آندرے رسل کی اہم ذمہ داری ہوگی۔ ممبئی کا اگلا مقابلہ کولکتہ نائٹ رائڈرس سے ہوگا۔ کولکتہ کے کوچ برینڈن میک کولم کے مطابق وہ بیٹنگ آرڈر میں آندرے رسل کو ترقی دے سکتے ہیں۔ کوچ کے مطابق وہ کپتانی کے معاملے میں ایون مورگن کی مدد چاہتے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میک کولم نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہماری ٹیم بہت مضبوط ہے۔ ہم میچ کے ذریعے اپنے آپشنز کا اچھا استعمال کریں گے۔ رسل نے گزشتہ سیزن میں 50 سے زیادہ چھکے مارے تھے۔ رسل کا کھیل ، ٹی۔ 20 کے آخری 10 اوورز کا ہے۔ آخری 10 اوورز میں رسل کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لیتے ہیں اس لئے انہیں ٹاپ آرڈر میں لایا جاسکتا ہے۔ ہم رسل کے علاوہ اور بھی آپشنز چاہتے ہیں۔


میک کولم کے مطابق انگلینڈ کے ورلڈ کپ کے فاتح کپتان ایون مورگن کی آمد سے مڈل آرڈر کو تقویت ملی ہے۔ قیادت کے بارے میں میک کولم نے کہا کہ مورگن ورلڈ کپ جیت چکے ہیں اور وہ انگلینڈ کے لئے ایک بہترین کپتان رہے ہیں، دنیش کارتک کا بھی وسیع تجربہ ہے، ہم قیادت میں مورگن اور دنیش کارتک سے مدد چاہتے ہیں۔

تجربے کے لحاظ سے کارتک کے پاس سب سے زیادہ تجربہ ہے۔ کارتک آئی پی ایل میں اب تک 182 میچ کھیل چکے ہیں اور 129.8 کے اسٹرائک ریٹ سے 3 ہزار 654 رنز بنا چکے ہیں۔ کارتک نے اب تک اپنے آئی پی ایل کیریئر میں 357 چوکے اور 101 چھکے لگائے ہیں، کارتک نے ابھی تک سنچری نہیں بنائی ہے لیکن انہوں نے 18 شاندار نصف سنچری اسکور کی ہیں۔


رسل نے اب تک 64 میچ کھیلے ہیں۔ انہوں نے 186.41 کے اسٹرائک ریٹ سے 1 ہزار 400 رنز بنائے ہیں، جس میں 96 چوکے اور 120 چھکے شامل ہیں۔ رسل نے اب تک 8 نصف سنچری بنائی ہیں۔ مورگن کا آئی پی ایل کیریئر 52 میچوں پر مشتمل ہے، انہوں نے 121.13 کی اسٹرائک ریٹ سے 854 رنز بنائے، جس میں انہوں نے 72 چوکے اور 34 چھکے لگائے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔