آئی پی ایل 2020: پنجاب کے لئے پلے آف کی امیدیں برقرار، کے کے آر کو 8 وکٹ سے شکست

ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کرنے اتری کے کے آر نے پنجاب کے سامنے 150 رنوں کا ہدف رکھا، جسے پنجاب نے کرس گیل اور مندیپ سنگھ کی طوفانی بلے بازی کی بدولت 2 وکٹوں کے نقصان پر 18.5 اوورز میں ہی حاصل کر لیا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ابو ظہبی: شارجہ میں کھیلے جار ہے آئی پی ایل 2020 کے 46ویں میچ میں پیر کے روز کنگز الیون پنجاب نے کولکاتا نائٹ رائیڈرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر اپنی پلے آف میں پہنچنے کی امیدوں کو برقرار رکھا ہے۔ ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کے لئے اتری کے کے آر نے پنجاب کے سامنے 150 رنوں کا ہدف رکھا تھا۔ جواب میں پنجاب نے کرس گیل اور مندیپ سنگھ کی طوفانی بلے بازی کی بدولت محض 2 وکٹوں کے نقصان پر 18.5 اوورز میں ہی حاصل کر لیا۔

سلامی بلے بازوں کے ایل راہل اور مندیپ سنگھ نے کنگز الیون پنجاب کے لئے 150 رنوں کے تعاقب میں سست مگر ٹھوس شروعات کی۔ ان دونوں نے پہلے وکٹ کے لئے 8 اوورز میں 47 رنز کی شراکت داری کی۔ خطرناک ہوتی اس شراکت داری کو ورن چکرورتی نے ختم کیا۔ انہوں نے کے ایل راہل کو 28 کے نجی اسکور پر ایل بی ڈبلیو کر کے پویلین بھیجا۔ راہل نے 25 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 28 رنز اسکور کئے۔


کے ایل راہل کے آتے ہی کرس گیل کے بلے نے آگ اگلنی شروع کر دی۔ انہوں نے ورون چکرورتی کو لگاتار دو گیندوں پر دو چھکے لگائے۔ دوسری طرف والد کے حال ہی میں انتقال کر جانے کے باوجود ٹورنامنٹ کھیل رہے مندیپ سنگھ نے سنبل کر کھیلنا شروع کیا اور کمزور گیندوں کو نشانہ بنا رہا تھا۔ انہوں نے 49 گیندوں میں نصف سنچری مکمل کی، جبکہ کرس گیل نے یہ کام پچیس گیندوں میں ہی کر ڈالا۔ ان دونوں نے ٹیم کو آسانی سے 100 رنز کے پاس پہنچا دیا۔

مندیپ نے پیٹ کمنز کی گیند پر ایک چوکا اور پھر ایک چھکا لگا کر پنجاب کو فتح کے نزدیک پہنچا دیا۔ تاہم، 19 ویں اوور کی پہلی ہی گیند پر لاکی فرگوسن نے کرس گیل کو پرسدھ کرشنا کے ہاتھوں کیچ کرایا، لیکن اس وقت تک کافی دیر ہو چکی تھی اور پنجاب کی ٹیم جیت سے محض 3 رن دور تھی۔ گیل نے 29 گیندوں میں 2 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے۔ نئے بلے باز نکولس پورن نے فرگوسن کی گیند پر چوکا لگاکر پنجاب کو فتح دلائی۔


قبل ازیں، کنگز الیون کے کپتان کے ایل راہل نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ پہلے بلے بازی کرنے اتری کے کے آر کی شروعات کافی خراب رہی اور اننگ کی دوسری گیند پر ہی نتیش رانا صفر پر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد راہل تریپاٹھی محمد سمیع کا شکار ہو گئے اور 7 رن بنا کر چلتے بنے۔ اس کے بعد دنیش کارتک بھی صفر پر آؤٹ ہو گئے اور کے کے آر نے محض 10 رن پر ہی 3 وکٹ کھو دئے۔

اس کے بعد سلامی بلے باز شبھمن گل اور کپتال ایون مورگن نے اننگ کو سنبھالا اور نصف سنچری کی شراکت داری کی۔ روی بشنوئجی نے مورگن کو 40 رن پر آؤٹ کر کے اس شراکت داری کو ختم کیا۔ اس کے کچھ دیر بعد ہی کے کے آر کو سنیل نارائن کے طور پر 101 رن پر پانچواں جھٹکا لگا، جو 6 کے نجی اسکور پر کرس جارڈن کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ نارائن کے بعد ناگرکوٹھی بھی 6 رن بناکر ایم اشون کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ اس کئے بعد پیٹ کمنز کو روی بشنوئی نے ایل بی ڈبلیو کر کے 114 رن پر کے کے آر کو ساتواں جھٹکا دیا۔


اس کے بعد شبھمن گل کو لاکی فرگیوسن کا ساتھ ملا اور دونوں نے اننگ کو 136 رنوں تک پہنچایا۔ اس کے بعد شبھمن گل کے طور پر کے کے آر کو آٹھواں جھٹکا لگا اور وہ 45 گیندوں میں 3 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 57 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ کرس جارڈن نے کے کے آر کو 20 ویں اوور کی پانچویں گیند پر ورون چکرورتی کے طور پر نواں جھٹکا دیا۔ فرگیوسن 24 رن بنا کر ناقابل شکست رہے اور خراب شروعات کے باوجود کے کے آر نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 149 کا اسکور بنا دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔