آئی پی ایل 2020: کوہلی نے کی آئی سی سی ضابطہ کی خلاف ورزی، غلطی کا احساس ہونے پر اٹھائے ہاتھ

میچ کے دوران آر سی بی کے کپتان وراٹ کوہلی نے فیلڈنگ کے دوران گیند پر تھوک لگا کر غیر دانستہ طور پر آئی سی سی کے کووڈ-19 پروٹوکول کی خلاف ورزی کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

دبئی: انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں پیر کے روز رائل چیلنجرز بنگلور کو دہلی کیپٹلز کو 59 رنز سے شکست دی۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے دہلی نے پرتھوی شا اور مارکس اسٹائنس کی اننگز کی بدولت 196 رنز کا بڑا اسکور بنایا۔ اس کے بعد دہلی کے کاگیسو ربادا اور اکشر پٹیل کی عمدہ بولنگ نے بنگلور کو 137 رنز پر محدود کر دیا۔

فاسٹ بولر ربادا نے چار وکٹ حاصل کیے جبکہ مین آف دی میچ اکشر پٹیل نے صرف 18 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس میچ کے دوران آر سی بی کے کپتان وراٹ کوہلی نے فیلڈنگ کے دوران گیند پر تھوک لگا کر غیر دانستہ طور پر آئی سی سی کے کووڈ-19 پروٹوکول کی خلاف ورزی کی۔


دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ کے تیسرے اوور میں کپتان کوہلی شارٹ کور پر فیلڈنگ کر رہے تھے۔ پرتھوی شا نے فاسٹ بولر نویدیپ سینی کی تیسری گیند پر شاندار ڈرائیو لگایا۔ کوہلی نے اپنی طرف آنے والی گیند کو روک لیا اور پھر اس پر تھوک لگا دیا۔ تاہم، کوہلی کو فوری طور پر آئی سی سی کا کوڈ-19 پروٹوکول یاد آ گیا۔ انہوں نے ہاتھ اٹھا کر یہ ظاہر کیا کہ یہ غلطی غیر دانسہ طور پر ہوئی ہے اور ان کا ایسا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔

اس سے قبل راجستھان رائلز کے بلے باز رابن اتھپا نے بھی کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے خلاف فیلڈنگ کرتے ہوئے گیند پر تھوک لگا دیا تھا۔ خیال رہے کہ آئی سی سی نے کووڈ-19 وبا کے سبب رواں سال جون میں گیند کو چمکانے کے لئے تھوک کے استعمال پر پابندی عائد کر دی تھی۔


آئی سی سی کے کووڈ ۔19 کے رہنما خطوط کے مطابق اگر کوئی کھلاڑی گیند پر تھوک لگاتا ہے تو امپائر اس صورتحال سے نمٹیں گے۔ نئے عمل کے ساتھ تال میل بیٹھانے کے ابتدائی مرحلہ میں نرمی برتی جائے گی لیکن اس طرح کے واقعہ پر ٹیم کو تنبیہ کی جائے گی۔

آئی سی سی کے رہنما خطوط کے مطابق ہر اننگز میں ایک ٹیم کو دو انتباہ جاری کیے جا سکتے ہیں۔ اس کے بعد گیند پر بار بار تھوک کے استعمال پر پانچ رنز کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ جب بھی گیند پر تھوک کا استعمال ہوگا تو امپائروں کو گیند کو صاف کرنا ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔