آئی پی ایل 2020: ممبئی کو چیلنج کرنے اترے گی راجستھان رائلز

ممبئی انڈینس کے بلے بازوں نے حیدرآباد کے خلاف پانچ وکٹ پر 208 رن کا بڑا اسکور بنایا تھا اور جیت حاصل کی تھی۔ راجستھان کو اگر واپسی کرنی ہے تو اسے ممبئی کے بلے بازوں پر لگام لگانی ہوگی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ابوظہبی: راجستھان رائلس کی ٹیم گزشتہ چیمپئن ممبئی انڈینس کو منگل کے روز یہاں ہونے والے مقابلے میں سخت چیلنج پیش کرنے کے مضبوط ارادے کے ساتھ اترے گی۔ چار بار کی فاتح ممبئی پانچ میچوں میں سے تین میچ جیت کر چھ پوائنٹ کے ساتھ چوٹی پر ہے، جبکہ راجستھان چار میچوں میں دو جیت اور دو شکست کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ ممبئی نے اپنے گزشتہ مقابلے میں سن رائزرس حیدرآباد کو شارجہ میں 34 رن سے شکست دی تھی، جبکہ راجستھان کو ابوظہی میں اپنے گزشتہ مقابلے میں رائل چیلنجرس بنگلورو کے ہاتھوں یکطرفہ انداز میں آٹھ وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

راجستھان کی بلے بازی گزشتہ مقابلے میں مایوس کن رہی تھی اور ٹیم چھ وکٹ پر 154رن ہی بنا سکی تھی، جبکہ بنگلورو نے 19.1 اوور میں دو وکٹ پر 158رن بنا کر آسانی سے میچ جیت لیا تھا۔ راجستھان کو ممبئی کے خلاف اپنی بلے بازی اور گیند بازی دونوں میں ہی بہتر کارکردگی پیش کرنی ہوگی۔


راجستھان کو جوس بٹلر کو اوپننگ میں اتارنے سے گریز کرنا ہوگا جب تک بٹلر آئی پی ایل میں نہیں کھیلے تھے تب تک سنجو سیمسن نے اوپننگ میں اترکر دو شاندار اننگز کھیلیں تھیں لیکن تیسرے نمبر پر اترنے کے بعد سیمسن دو میچوں میں جلدی آوٹ ہوگئے۔

راجستھان کے کپتان اسٹیون اسمتھ نے میچ سے قبل گزشتہ شام میں کہا کہ دو میچ ہمارے منصوبہ کے مطابق نہیں رہے جبکہ ہم نے ٹورنامنٹ میں اچھی شروعات کی تھی۔ پچھلے دو میچوں میں ہماری کارکردگی بہترین نہیں تھی، لیکن یہ ٹی۔20 کرکٹ ہے اور اس میں ایسے اتار چڑھاو آتے رہتے ہیں۔ ہمیں اب خود کو بہتر طریقہ سے منظم کرکے آگے بڑھنا ہوگا اور آئندہ کچھ میچوں میں جیت حاصل کرنی ہوگی۔ مجھے امید ہے کہ ممبئی کے خلاف کچھ رن بناوں گا جو میں گزشتہ دو میچوں میں نہیں کرسکا۔ ہمیں دیکھنا ہوگا کہ ممبئی کے خلاف مقابلے کے لئے ہمارے کون سے کھلاڑی فٹ ہیں۔


دوسری طرف ممبئی کی ٹیم زبردست فارم میں ہے اور اس کے ٹاپ آرڈر کے بلے باز خوب رن بنا رہے ہیں اور اس کے گیند باز فیصلہ کن مواقع پر وکٹ نکال رہے ہیں۔ ممبئی انڈینس کے بلے بازوں نے حیدرآباد کے خلاف پانچ وکٹ پر 208 رن کا بڑا اسکور بنایا تھا اور جیت حاصل کی تھی۔ راجستھان کو اگر واپسی کرنی ہے تو اسے ممبئی کے بلے بازوں پر لگام لگانی ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔