آئی پی ایل 2020: پلے آف میں مضبوطی کے لئے اتریں گی بنگلور اور کولکاتا کی ٹیمیں

ٹیبل میں تیسرے مقام پر موجود رائل چیلنجرز بنگلور اور چوتھے نمبر پر کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مابین میچ میں دونوں ٹیمں پلے آف میں اپنے دعوے کو مستحکم کرنے کے ارادے سے اتریں گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ابوظہبی: آئی پی ایل ۔13 اب اپنے فیصلہ کن مرحلے پر پہنچ رہا ہے اور یہاں سے ہر میچ ہر ٹیم کے لئے اہم ثابت ہونے والا ہے۔ ٹیبل میں تیسرے مقام پر موجود رائل چیلنجرز بنگلور اور چوتھے نمبر پر کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مابین میچ میں دونوں ٹیمں پلے آف میں اپنے دعوے کو مستحکم کرنے کے ارادے سے اتریں گی۔

بنگلور نو میچوں میں چھ جیت، تین شکست اور 12 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ بنگلور کو پلے آف میں جگہ بنانے کے لئے اپنے باقی پانچ میچوں میں سے صرف دو جیتنے کی ضرورت ہے۔ وراٹ کوہلی کی زیر قیادت بنگلور ٹیم کے پاس پہلی دو ٹیموں میں جگہ بنانے کا موقع ہے۔


دوسری طرف انگلینڈ کے ایون مورگن کی زیر قیادت کولکتہ بھی نو میچ کھیل چکا ہے اور وہ پانچ جیت، چار شکست اور 10 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ کولکاتہ کو پلے آف میں جانے کے لئے باقی پانچ میچوں میں سے تین میچ جیتنے کی ضرورت ہے۔ کولکتہ کو بنگلور سے زیادہ چیلنج کا سامنا ہے کیونکہ اس کی کارکردگی میں زیادہ اتار چڑھاؤ دیکھنے کو مل رہا ہے۔

شارجہ میں بنگلور اور کولکتہ کے مابین اس آئی پی ایل کے پہلے میچ میں بنگلور 82 رنز سے جیتا تھا۔ کولکتہ کی ٹیم بنگلور کے 194 رنز کے خلاف 112 رنز بنانے میں کامیاب رہی تھی۔ دونوں ٹیمیں اپنے پچھلے میچ جیت کر اس میچ میں جا رہی ہیں۔ بنگلور نے دبئی میں راجستھان رائلز کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی، جبکہ کولکتہ نے ابو ظہبی میں سپر اوور میں سن رائزرس حیدرآباد کو ہرایا تھا۔


بنگلور کے کپتان وراٹ کو ایک بار پھر اپنے دھماکہ خیز بلے باز اے بی ڈویلیئرز سے امید رہے گی جنہوں نے راجستھان کے خلاف ناقابل شکست 55 رنز بنائے تھے۔ بنگلور کی ٹیم اس سیزن میں زبردست تال میں نظر آ رہی ہے اور اگلے میچوں میں بھی اس تال کو برقرار رکھنا چاہے گی۔

وراٹ نے کہا کہ ٹیم میں ہر شخص انفرادی طور پر اپنا حصہ ڈال رہا ہے اور ہم ٹورنامنٹ میں مستقل طور پر ایسا کرنے میں کامیاب رہے ہیں لہذا ہمارے پاس 12 پوائنٹس ہیں۔ میں ابھی بہت خوش ہوں اور ہم اگلے میچ کے لئے تیار ہیں۔ ڈی ویلیئرز اس آئی پی ایل کے بہترین کھلاڑی ہیں۔ جب وہ کریز پر ہوتے ہیں تو حریف ٹیم کا حوصلہ خود پست ہوجاتا ہے اور اس کے جیتنے کا امکان کم ہی لگتا ہے۔ ڈی ویلیئرز کے لئے یہ کافی اچھا ہے۔ ان کی وجہ سے ٹیم کو لگتا ہے کہ ہم کبھی پیچھے نہیں رہ سکتے۔


وراٹ نے کہا کہ نوجوان دیودت پڈیکل بھی عمدہ بیٹنگ کر رہے ہیں اور آرون فنچ نے بھی عمدہ اننگز کھیلی ہے۔ ہم صورتحال پر مبنی اپنی حکمت عملی بناتے ہیں۔ ہماری بولنگ بھی اس سیزن میں اچھی رہی ہے۔ کرس مورس بہترین ہیں۔ نودیپ سینی، واشنگٹن سندر اور اسرو اڈانا نے بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

کولکتہ نے سپر اوور میں حیدرآباد کے خلاف اپنا میچ جیت کر اپنی امیدوں کو تقویت بخشی ہے۔ فاسٹ بولر لوکی فرگوسن نے میچ میں 15 رن پر تین اور سپر اوور میں تین گیندوں پر دو رن دے کر دو وکٹ حاصل کرکے میچ جتایا تھا۔ فرگوسن کی ٹیم میں شمولیت کولکتہ کے لئے جیک پاٹ ثابت ہوئی ہے اور ٹیم کی بولنگ مضبوط ہوئی ہے۔ مورگن امید کر رہے ہوں گے کہ ٹیم اپنی جیت کا سلسلہ برقرار رکھے اور بنگلور کو ہونے والے پچھلے نقصان کی تلافی کرے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔