کے کے آر کو ہرا کر ٹاپ پر پہنچی گجرات ٹائٹنز، وجے شنکر بنے جیت کے ہیرو، گرباز کی نصف سنچری رائیگاں چلی گئی

ہفتہ (29 اپریل) کو ایڈن گارڈن میں کھیلے گئے میچ میں کولکاتا نے گجرات کو جیت کے لیے 180 رنز کا ہدف دیا تھا، جسے اس نے 13 گیندیں باقی رہتے حاصل کر لیا

<div class="paragraphs"><p>تصویر یو این آئی</p></div>

تصویر یو این آئی

user

قومی آوازبیورو

کولکاتا:َ آئی پی ایل 2023 کے ایک اہم میچ میں گجرات ٹائٹنز نے کولکاتا نائٹ رائیڈرز کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ 29 اپریل (ہفتہ) کو ایڈن گارڈن میں کھیلے گئے میچ میں کولکاتا نے گجرات کو جیت کے لیے 180 رنز کا ہدف دیا تھا، جسے اس نے 13 گیندیں باقی رہتے حاصل کر لیا۔ گجرات ٹائٹنز کی جیت کے ہیرو وجے شنکر رہے جنہوں نے ناقابل شکست 51 رنز بنائے۔

ہاردک پانڈیا کی کپتانی میں گجرات ٹائٹنز کی ٹیم اب اس جیت کے ساتھ ٹاپ پر آ گئی ہے۔ گجرات ٹائٹنز نے اب تک 8 میں سے 6 میچ جیتے ہیں۔ دوسری جانب کولکاتا کی ٹیم اب تک 9 میں سے 3 میچ جیت چکی ہے اور کولکاتا نائٹ رائیڈرز کی ٹیم فی الحال 7ویں مقام پر ہے۔

ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے گجرات ٹائٹنز کی شروعات بہتر رہی اور ریدھیمان ساہا نے شبھمن گل کے ساتھ مل کر پہلی وکٹ کے لیے 41 رنز کی شراکت داری کی۔ آندرے رسل نے ساہا کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ اس کے بعد ہاردک پانڈیا اور شبھمن گل کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 50 رنز کی شراکت ہوئی۔ شبھمن گل 49 رنز (35 گیندیں، 8 چوکوں) بنا کر سنیل نارائن کا شکار بنے۔ اسی دوران پانڈیا 26 رنز کے اسکور پر ہرشیت رانا کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔


ڈیوڈ ملر اور وجے شنکر نے 93 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد 87 رنز کی ناقابل شکست شراکت داری کر کے میچ گجرات کے نام کر دیا۔ وجے شنکر نے 24 گیندوں پر 51 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں دو چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے۔ اس دوران وجے شنکر نے ورون چکرورتی کے ایک اوور میں تین چھکے لگا کر میچ کا رخ ہی بدل دیا۔ اس کے ساتھ ہی ڈیوڈ ملر نے دو چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 18 گیندوں پر ناقابل شکست 32 رنز بنائے۔

قبل ازیں، کولکاتا نائٹ رائیڈرز نے اوپنر رحمان اللہ گرباز (39 گیندوں، 81 رن) اور دھماکہ خیز آل راؤنڈر آندرے رسل (19 گیندوں، 34 رن) کی مدد سے ہفتہ کو آئی پی ایل میں گجرات ٹائٹنز کے سامنے 180 رن کا ہدف رکھا تھا۔

جب کے کے آر کے باقی بلے باز گجرات کی بولنگ کے خلاف جدوجہد کر رہے تھے، گرباز نے 39 گیندوں پر پانچ چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے 81 رن بنائے۔ آخر میں رسل نے دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 19 گیندوں پر 34 رن بنا کر ٹیم کو باعزت اسکور تک پہنچایا۔


گجرات نے ٹاس جیت کر کے کے آر کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ نارائن جگدیشن نے چار چوکے لگا کر لے حاصل کی لیکن محمد سمیع نے انہیں 19 رن کے اسکور پر پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد گرباز کا حملہ شروع ہوا۔

گرباز نے چوتھے اوور میں ہاردک پانڈیا کو دو چھکے لگا کر رفتار بڑھائی۔ سمیع نے اگلے اوور میں شاردل ٹھاکر کو آؤٹ کر دیا لیکن گرباز اس اوور میں بھی 11 رن بنانے میں کامیاب رہے۔

گرباز نے اپنی جارحانہ بلے بازی جاری رکھی، حالانکہ کے کے آر کے دیگر بلے باز گجرات کے سامنے پرسکون رہے۔ وینکٹیش ایر 14 گیندوں پر 11 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، جبکہ کپتان نتیش تین گیندوں پر صرف چار رن ہی بنا سکے۔

کے کے آر کو آخری اووروں میں رنکو سنگھ سے جارحیت کی توقع تھی لیکن انہوں نے کھاتہ کھولنے میں پانچ گیندیں لگائیں اور وہ پہلی نو گیندوں میں صرف دو رن ہی بنا سکے۔ رنکو نے بالآخر 14ویں اوور میں موہت شرما کو چھکا لگا کر اننگز کو تیز کیا، جب کہ گرباز نے ہم وطن راشد خان کو 15ویں اوور میں ایک چھکا اور ایک چوکا لگا کر 17 رن بنائے۔


رنکو اور گرباز کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 47 رن کی شراکت کے کے آر کو بڑے اسکور کی طرف لے جا رہی تھی لیکن نور احمد نے دونوں بلے بازوں کو پویلین لوٹا دیا۔ گرباز اپنی سنچری سے 19 رن دور رہے جبکہ رنکو 20 گیندوں پر صرف 19 رن بنا سکے۔

رسل نے اننگز کی آخری گیند پر آؤٹ ہونے سے پہلے کچھ اچھے شاٹس کھیلے، لیکن گجرات نے آخری پانچ اووروں میں صرف 45 رن دے کر کے کے آر کو 179/7 تک محدود کر دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔