آئی پی ایل کے بقیہ سیزن میں کھیلنے کے لئے کافی پرجوش ہوں: شیکھر دھون

شیکھر نے کہا کہ ’’ٹیم میں واپس آنا بہت اچھا تجربہ ہے۔ ٹیم کے اندر بہت اچھا ماحول ہے۔ تمام کھلاڑی بہت محنت کر رہے ہیں اور میں آنے والے میچ کھیلنے کے لیے بہت پرجوش ہوں۔

شیکھر دھون، تصویر آئی اے این ایس
شیکھر دھون، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

دبئی: دہلی کیپیٹلز کے سلامی بلے باز اور آئی پی ایل 2021 میں اب تک 8 میچوں میں سب سے زیادہ 380 رنز بنانے والے شیکھر دھون نے کہا ہے کہ وہ آئی پی ایل کے باقی سیزن میں کھیلنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔ شیکھر نے کہا کہ ’’ٹیم میں واپس آنا بہت اچھا تجربہ ہے۔ ٹیم کے اندر بہت اچھا ماحول ہے۔ تمام کھلاڑی بہت محنت کر رہے ہیں اور میں آنے والے میچ کھیلنے کے لیے بہت پرجوش ہوں۔

35 سالہ شیکھر نے کہا کہ سیزن کے دوسرے مرحلے کے لیے دہلی کیپیٹلز کی ٹیم مزید مضبوط ہو گئی ہے۔ شریئس ایئر کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، جو ایک اچھی بات ہے۔ انہوں نے کہا، "ہم سیزن کے پہلے حصے میں بہت اچھا کھیل رہے تھے لیکن ٹورنامنٹ کی معطلی کے بعد وہ سلسلہ ٹوٹ گیا تھا۔ اس لئے ہمیں اپنی توانائی کو دوبارہ بحال کرنا ہوگا اور اس فارم پر واپس جانا ہوگا، جس میں ہم اچھا کر رہے تھے۔ اچھی بات یہ ہے کہ ہماری ٹیم اچھی طرح سے متوازن ہے اور شریئس ایئر بھی ٹیم میں واپس آچکے ہیں۔ لہذا ہماری ٹیم اب اور بھی مضبوط ہے۔


جب متحدہ عرب امارات میں سازگار حالات کے بارے میں پوچھا گیا تو سلامی بلے باز نے کہا، "ہم یہاں کی گرمی کو برداشت کرنے اور اس کے مطابق اپنے آپ کا ڈھالنے کے قابل ہیں۔ یہاں کی نمی کی عادت ڈالنے میں کچھ وقت لگتا ہے کیونکہ ہم کچھ وقت کے لئے گھر کے اندر تھے۔ لیکن ہم اتنے برسوں سے ایسا کر رہے ہیں۔ لہذا ہم یقینی طور پر یہاں کی گرمی کو شکست دینے کے قابل ہیں۔"

22 ستمبر کو دہلی کیپیٹلز کی ٹیم آئی پی ایل کے دوسرے ہاف کا پہلا میچ سن رائزرز حیدرآباد کی ٹیم کے خلاف کھیلے گی۔ دلی کیپیٹلز کے کھلاڑی، جو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم کا حصہ تھے، وہ 12 ستمبر کو آئی پی ایل کے دوسرے مرحلے کے لئے دبئی بحفاظت پہنچ چکے ہیں۔ رشبھ پنت، آر اشون، اجنکیا رہانے، ایشانت شرما، اکشر پٹیل، پرتھوی شا اور امیش یادو کے دبئی پہنچنے پر ان کا کووڈ- 19 ٹیسٹ کیا گیا۔ آئی پی ایل پروٹوکول کے مطابق کھلاڑیوں کو سخت 6 دن قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔ اس دوران، ان کا مزید تین مرتبہ کووڈ ٹیسٹ کیا جائے گا۔ اس کے بعد کھلاڑی دہلی کیپیٹلز کی ٹیم میں شامل ہوں گے، جو پہلے سے ہی بائیو ببل میں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔