چیپک میں چنئی نے کولکتہ کو 7 وکٹوں سےدی شکست

چنئی سپر کنگز آئی پی ایل 2024 میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو شکست دینے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ ریتوراج گائیکواڑ نے کپتان کی اننگز کھیل کر چنئی کو ایک بڑی فتح دلائی۔

<div class="paragraphs"><p> تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

چنئی سپر کنگز نے کم اسکور والے میچ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے پہلے کھیلتے ہوئے 137 رنز بنائے تھے، دوسری طرف ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے سی ایس کے  یعنی چنئی سپر کنگزکے بلے بازوں نے ایک طرف وکٹوں کو ہاتھ میں رکھا اور دوسری طرف اسکور بورڈ کو آگے بڑھاتے رہے۔ چنئی نے یہ میچ 14 گیندیں باقی رہ کر جیت لیا اور اس جیت میں کپتان ریتوراج گائیکواڈ کی 67 رنز کی ناقابل شکست نصف سنچری نے اہم کردار ادا کیا۔ کے کے آر  یعنی کولکتہ نائٹ رائڈرز نے آئی پی ایل 2024 میں لگاتار 3 جیت درج کی تھی، لیکن سی ایس کے موجودہ سیزن میں انہیں شکست دینے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ وہیں چنئی نے مسلسل 2 شکستوں سے دوچار ہونے کے بعد اپنی جیت کا سلسلہ دوبارہ حاصل کر لیا ہے۔

سی ایس کے کی جیت میں راچن رویندرا نے 15 اور ڈیرل مچل نے 25 رنز کا تعاون دیا۔ سی ایس کے نے پہلے 10 اووروں میں 1 وکٹ کے نقصان پر 81 رن بنائے تھے جس کی وجہ سے اس کے لیے جیتنا کافی آسان ہوگیا تھا کیونکہ ٹیم کو آخری 10 اوور میں 57 رنز درکار تھے اور اس کے 9 وکٹ باقی تھے۔ اگرچہ مچل 13ویں اوور میں آؤٹ ہو گئے لیکن اس کے بعد ایک اثر انگیز کھلاڑی کے طور پر بلے بازی کرنے آئے شیوم دوبے نے ہر بار کی طرح طوفانی انداز میں بلے بازی کر کے میچ کو یک طرفہ کر دیا۔ شیوم دوبے نے 18 گیندوں پر 28 رنز کی اپنی دھماکہ خیز اننگز میں 1 چوکا اور 3 چھکے لگائے۔ سنیل نارائن اور ویبھو اروڑہ کے علاوہ کے کے آر کا کوئی بھی گیند باز وکٹ نہیں لے سکا۔


آئی پی ایل 2024 میں چنئی سپر کنگز کی کپتانی ملنے کے بعد روتوراج گائیکواڑ بلے بازی میں کافی جدوجہد کر رہے تھے۔ اگرچہ انہوں نے گجرات ٹائٹنز کے خلاف 46 رنز کی اننگز کھیلی لیکن بقیہ 3 اننگز میں وہ بلے سے کچھ خاص نہیں دکھا سکے۔ اب کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف میچ میں سست پچ پر ذمہ داری لیتے ہوئے انہوں نے 58 گیندوں میں 67 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی فارم میں واپسی کے آثار دکھا دیے ہیں۔ اس اننگز میں انہوں نے 9 چوکے لگائے۔ ان کے علاوہ رویندرا جدیجا اور تشار دیشپانڈے بھی چنئی سپر کنگز کی جیت میں چمکے۔ دونوں نے بولنگ میں 3-3 وکٹیں حاصل کیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔