دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہندوستان کے ساتھ کھڑا رہنے کی عالمی رہنماؤں کی یقین دہانی، ٹرمپ نے بھی کی مودی سے بات
ٹرمپ نے قصورواروں کو سزا دینے کے لیے ہندوستان کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ روس، جرمنی، سعودی عرب، سری لنکا اور اسرائیل نے بھی پہلگام دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے۔

نریندر مودی / ڈونالڈ ٹرمپ (فائل)
جموں و کشمیر کے پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کی پوری دنیا میں مذمت کی جا رہی ہے۔ عالمی رہنماؤں نے اس واقعہ پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہندوستان کا ساتھ دینے کی بات کہی ہے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بھی وزیر اعظم نریندر مودی سے فون پر بات کی ہے۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے پہلگام میں بے قصور لوگوں کی موت پر گہرے صدمے کا اظہار کیا۔ ٹرمپ نے اس سفاکانہ جرم کے قصورواروں کو سزا دینے کے لیے ہندوستان کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ امریکہ اس مشکل وقت میں ہندوستان کے ساتھ کھڑا ہے اور ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے۔
دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں امریکہ کی حمایت کو لے کر وزیر اعظم مودی نے صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق امریکی حمایت پر شکریہ کا اظہار کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ہندوستان اس بزلدانہ اور سفاکانہ حملے کے قصورواروں اور دہشت گردی کی حمایت کرنے والوں کے خلاف مضبوطی سے کھڑا ہے اور انہیں سخت جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ سے پہلے بھی کئی عالمی رہنماؤں نے پہلگام دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی۔ روسی صدر پوتن، اطالوی وزیر اعظم میلونی اور سعودی عرب نے بھی اس حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے ہندوستان کی ہرممکن حمایت کی بات کہی ہے۔ جرمنی، سری لنکا اور اسرائیل بھی نے بھی اس نازک گھڑی میں ہندوستان کا ساتھ دینے کی بات کہی ہے۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر کے پہلگام شہر کے قریب ’منی سوئٹزرلینڈ‘ کے نام سے مشہور سیاحتی مقام پر منگل کی دوپہر ہوئے دہشت گردانہ حملے میں 26 لوگوں کی جان چلی گئی۔ مرنے والوں میں زیادہ تر سیاح تھے۔ 2019 میں پلوامہ میں ہوئے حملے کے بعد وادی میں یہ سب سے بڑا دہشت گردانہ واقعہ ہے۔ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی اس حملے کو حالیہ برسوں میں عام لوگوں پر کیا گیا سب سے بڑا حملہ بتایا ہے۔ پہلگام حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس ہندوستان کے دورے پر ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔