ایفل ٹاور میں بم کی خبر سے افرا تفری کا ماحول، پولیس نے پورے احاطہ کو کرایا خالی، تلاشی مہم شروع

ہفتہ کے روز دوپہر تقریباً ڈیڑھ بجے خبر دی گئی کہ ایفل ٹاور کو کچھ ہی گھنٹوں میں بم سے اڑا دیا جائے گا، خبر ملتے ہی ایفل ٹاور کی تین منزل کو خالی کرا دیا گیا، اور پھر بعد میں پورا احاطہ خالی کرایا گیا۔

ایفل ٹاور فرانس، تصویر آئی اے این ایس
ایفل ٹاور فرانس، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

دنیا کے سب سے مشہور سیاحتی مقامات میں شامل ایفل ٹاور کے پاس اس وقت افرا تفری کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ وجہ ایفل ٹاور میں بم نصب کیے جانے کی خبر سامنے آنا۔ بم کی خبر ملتے ہی پولیس حرکت میں آ گئی اور ایفل ٹاور احاطہ کو فوری طور پر خالی کرایا گیا۔ خبر رساں ایجنسی رائٹر کے مطابق پولیس نے بم کی خبر ملنے کے بعد کسی انہونی کے اندیشہ کو دیکھتے ہوئے سبھی لوگوں کو وہاں سے ہٹا دیا ہے۔

فرانسیسی پولیس ذرائع نے بتایا کہ پیرس میں موجود ایفل ٹاور میں بم کی خبر ملی ہے جس کے بعد احتیاطاً علاقے کو خالی کرا دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی آئندہ حکم تک عوام کے لیے ایفل ٹاور کو بند بھی کر دیا گیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ایفل ٹاور کے پاس اینٹی بم اسکواڈ موجود ہے جو کہ فرانسیسی پولیس جوان کے ساتھ آس پاس کے علاقوں کی تلاشی لے رہے ہیں۔


ایک رپورٹ کے مطابق ہفتہ کے روز دوپہر تقریباً ڈیڑھ بجے خبر دی گئی کہ ایفل ٹاور کو کچھ ہی گھنٹوں میں بم سے اڑا دیا جائے گا۔ اس کے بعد ایفل ٹاور کی تین منزل کو پوری طرح سے خالی کرا دیا گیا، اور پھر بعد میں پورا احاطہ خالی کرایا گیا۔ خبر ملی تھی کہ ایک ریستوراں میں بم چھپایا گیا ہے، حالانکہ ریستوراں سمیت پورے ایفل ٹاور کی تلاشی لی جا رہی ہے۔ فی الحال کسی بھی طرح کا بم ملنے کی جانکاری نہیں ملی ہے۔

واضح رہے کہ فرانس کے پیرس میں موجود ایفل ٹاور کی اونچائی تقریباً 324 میٹر ہے۔ اسے 1889 میں بنایا گیا تھا اور اس ٹاور کا دیدار کرنے ہر سال لاکھوں سیاح دنیا بھر سے پہنچتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔