ایک سال سے بھی کم عرصہ میں ایک لاکھ سے زائد غیر ملکی شہریوں کے امریکی ویزا منسوخ

امریکی محکمہ خارجہ کے بیان میں یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ سب سے زیادہ ویزے کن ممالک کے لوگوں کے منسوخ کیے گئے یا ان میں کتنے سیاح، طلباء یا طویل عرصے سے وہاں رہنے والے لوگ شامل ہیں

ڈونالڈ ٹرمپ، تصویر یو این آئی
i
user

قومی آواز بیورو

ٹرمپ انتظامیہ نے ایک سال سے بھی کم عرصے میں ایک لاکھ  سے زائد غیر ملکی شہریوں کے ویزے منسوخ کر دیے ہیں۔ امریکہ کے محکمہ خارجہ کے مطابق سرحدی حفاظت اور عوامی تحفظ کو مضبوط بنانے کی مہم کے تحت اب تک کی گئی یہ سب سے بڑی کارروائی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے پرنسپل نائب ترجمان ٹومی پگوٹ نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی اولین ترجیح امریکی شہریوں کا تحفظ اور امریکی خود مختاری کو برقرار رکھنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ کارروائی گزشتہ سالوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ سخت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال سے بھی کم عرصے میں محکمہ خارجہ نے غیر ملکی شہریوں کے ایک لاکھ سے زیادہ ویزا منسوخ کر دیئے جو ایک ریکارڈ ہے اور یہ 2024  کے بعد سے ویزا منسوخی میں 150 فیصد سے زیادہ اضافہ ہے۔


محکمہ خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جن غیر ملکی شہریوں کے ویزا منسوخ کیے گئے ان پر کئی طرح کے جرائم کا الزام تھا یا انہیں قصوروار ٹھہرایا جا چکا تھا۔ ان میں مارپیٹ، چوری اور نشے میں گاڑی چلانے جیسے معاملے شامل ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ویزا منسوخی کے معاملوں میں اضافہ جانچ اور نگرانی کا نیا اور سخت نظام ہے جسے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے دور میں شروع کیا گیا۔

پگوٹ  نے کہا کہ محکمہ خارجہ کا حال ہی میں شروع کیا گیا کنٹینوس ویٹنگ سینٹر یہ یقینی بناتا ہے کہ امریکی سرزمین پر موجود تمام غیر ملکی شہری ہمارے قوانین کی تعمیل کریں اور جو لوگ امریکی شہریوں کے لیے خطرہ پیدا کرتے ہیں ان کے ویزے فوری طور پر منسوخ کر دیے جائیں۔ افسران کے مطابق پہلے جانچ صرف ویزا درخواست یا امریکہ میں داخلے کے وقت ہوتی تھی لیکن اب اس نئے نظام سے بعد میں بھی نگرانی رکھی جاتی ہے۔ اس سے کسی جرم میں نام آنے پر فوری کارروائی ممکن ہوپاتی ہے۔


ٹامی پگوٹ نے کہا کہ یہ پالیسی قومی سلامتی کے حوالے سے انتظامیہ کے جامع نقطہ نظر کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ امریکہ کو پہلے رکھے گی اور ہمارے ملک کو ان غیر ملکی شہریوں سے بچائے گی جو عوامی تحفظ یا قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ حالانکہ بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ سب سے زیادہ ویزے کن ممالک کے لوگوں کے منسوخ کیے گئے یا ان میں کتنے سیاح، طلباء یا طویل عرصے سے رہنے والے لوگ شامل ہیں۔

یہ اقدام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ٹرمپ انتظامیہ کی داخلی اور خارجہ پالیسی میں ویزا پالیسی ایک اہم مسئلہ بن چکی ہے۔ امریکی قانون کے تحت حکومت کو یہ اختیار حاصل ہے کہ اگر کسی غیر ملکی شہری کو نااہل مانا جائے یا اس سے سیکورٹی سے متعلق خطرہ ہو تو اس کا ویزا منسوح کیا جاسکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔