ٹرمپ نے ہندوستان کو وینزویلا کے تیل کی پیش کش کی
روئٹرز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہندوستان جلد ہی روسی تیل کی درآمدات کو 10 لاکھ بیرل یومیہ (بی پی ڈی) سے کم کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ یہ درآمدات جنوری میں تقریباً 12 لاکھ بی پی ڈی تھیں۔

تیل کی خرید معاملے پر دنیا بھرمیں مچی افراتفری کے دوران امریکہ نے ہندوستان سے کہا ہے کہ وہ جلد ہی وینزویلا سے خام تیل کی خرید دوبارہ شروع کر سکتا ہے۔ اسے روسی تیل کے متبادل کے طور پر پیش کیا گیا ہے کیونکہ نئی دہلی روسی تیل کی درآمدات کو تیزی سے کم کرنے کی سمت میں اقدامات کر رہا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے اس معاملے سے واقف متعدد ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب واشنگٹن کی جانب سے درآمدات پر ٹیرف میں اضافے کے بعد ہندوستان نے روس سے خام تیل کی خریداری میں کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ہندوستان آنے والے مہینوں میں روس سے روزانہ کئی ملین بیرل تیل کی خریداری کو کم کرنے کی سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے مارچ 2025 میں ہندوستان سمیت وینزویلا سے تیل خریدنے والے ممالک پر 25 فیصد ٹیرف عائد کیا تھا اور امریکی فوج نے 3 جنوری کو نکولس مادورو کو گرفتار کرکے لے آئی تھی۔ اس کے بعد سے واشنگٹن نے اپنے موقف میں تبدیلی کا اشارہ دیتے ہوئے نئی دہلی کو بتایا ہے کہ وہ روس سے کم ہوتی سپلائی تلافی کے لیے وینزویلا سے تیل کی خریداری پھر شروع کر سکتا ہے۔ اس اقدام کو روسی تیل سے حاصل ہونے والی آمدنی کو کم کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جس پر الزام ہے کہ وہ یوکرین میں ماسکو کی جنگ کے لیے فنڈز فراہم کر رہا ہے۔
ابھی تک اس بارے میں کوئی ٹھوس معلومات فراہم نہیں کی گئی ہے کہ آیا وینزویلا کا تیل بیرونی تجارتی گھرانوں جیسے ویٹول یا ٹرافیگورا کے ذریعے یا براہ راست وینزویلا کی سرکاری تیل کمپنی پی ڈی وی ایس اے کے ذریعے فروخت کیا جائے گا۔ 2022 کے یوکرین پر حملے کے بعد مغربی ممالک کی پابندیوں اور بھاری رعایتوں کی وجہ سے ہندوستان روسی تیل کا ایک بڑا خریدار بن گیا تھا۔ اس کے جواب میں ڈونالڈ ٹرمپ نے بعد میں ہندوستانی مصنوعات پر ٹیرف میں اضافہ کردیا اور روسی تیل خرید سے متعلق 25 اضافی ٹیرف کو جوڑ کراسے 50 فیصد تک کردیا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے اطلاع دی ہے کہ ہندوستان جلد ہی روسی تیل کی درآمدات کو 10 لاکھ بیرل یومیہ (بی پی ڈی) سے کم کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ درآمدات جنوری میں تقریباً 12 لاکھ بی پی ڈی تھیں اور توقع ہے کہ فروری میں کم ہو کر 10 لاکھ بی پی ڈی اور مارچ میں 8 لاکھ بی پی ڈی رہ جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔