عراق میں آئندہ انتخابات پرانے چہروں سے خالی ہونا چاہیے: مقتدی الصدر

حیدر الجابری نے مزید بتایا کہ مقتدی الصدر نے مطالبہ کیا ہے کہ مظاہرین اور سیکورٹی فورسز پر حملوں کے حوالے سے تحقیقات کی جائیں۔

تصویر العربیہ ڈاٹ نیٹ
تصویر العربیہ ڈاٹ نیٹ
user

قومی آوازبیورو

بغداد: عراق میں الطیار گروپ کے سربراہ مقتدی الصدر نے زور دیا ہے کہ آئندہ انتخابات پرانے چہروں سے خالی ہونا چاہیے۔ یہ بات مقتدی الصدر کے دفتر کے میڈیا آفیشل حیدر الجابری نے بتائی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مقتدی الصدر نے مطالبہ کیا ہے کہ مظاہرین اور سیکورٹی فورسز پر حملوں کے حوالے سے تحقیقات کی جائیں۔

اسی طرح انہوں نے عراقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ جنوبی شہروں کی تعمیر نو کے لیے منصوبہ وضع کیا جائے اور ملکی صنعت کو فعال بنا کر مضبوط معیشت کو جنم دیا جائے۔ دوسری جانب مقتدی الصدر کے ترجمان نے منگل کے روز باور کرایا کہ سیاسی اتحاد کے حوالے سے بات کرنا ابھی قبل از وقت ہو گا، البتہ شیعہ جماعتوں سے باہر اتحاد کرنا ممنوع نہیں۔


دو ہفتے قبل مقتدی الصدر ایک ٹوئٹ میں یہ توقع ظاہر کر چکے ہیں کہ آئندہ انتخابات میں انہیں بڑی کامیابی ملے گی اور آئندہ وزیر اعظم پہلی مرتبہ مقتدی الصدر گروپ سے ہو سکتا ہے۔ یاد رہے کہ وزیر اعظم مصطفی الکاظمی نے انتخابات کے لیے آئندہ سال یعنی جون 2021ء کا وقت متعین کیا ہے۔ مئی 2018ء میں ہونے والے انتخابات میں الصدر گروپ نے پارلیمنٹ کی مجموعی 329 نشستوں میں سے 54 نشستوں پر کامیابی حاصل کر کے سب سے بڑا بلاک تشکیل دیا تھا۔

بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔