پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کو سری لنکا دورے کے لیے ہندوستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت

وزیر اعظم عمران خان سری لنکا کے دو روزہ دورے پر روانہ ہو رہے ہیں، پاکستان کی طرف سے ہندوستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت طلب کی گئی تھی

Getty Images
Getty Images
user

قومی آوازبیورو

اسلام آباد: ہندوستان نے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے خصوصی طیارے کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت فراہم کر دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان منگل کے روز سری لنکا کے دو روزہ دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے اس سے قبل اجازت نہ ملنے پر کمرشل فلائٹ سے جانے کا پروگرام بنایا تھا۔

خیال رہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے تعلقات میں تلخی آنے کے بعد دونوں ممالک نے ایک دوسرے کی فضائی حدود کے استعمال کے لیے اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ حالانکہ پلوامہ حملہ کے بعد ہندوستان کی درخواست پر پاکستان نے وزیر اعظم نریندر مودی کے کرغزستان کے دورے کے لئے اپنی فضائی حدود کے استعمال کی اجازت دے دی تھی۔ تاہم انہوں نے اپنا راستہ تبدیل کر دیا تھا۔


دریں اثنا، وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ’’وزیر اعظم راجا پکسے مجھے مدعو کرنے کے لیے آپ کا شکریہ۔ میں پاکستان - سری لنکا کی دوستی میں تقویت اور دونوں ممالک کے مابین اشتراک کو آگے بڑھانے کے لیے سری لنکا کے اپنے دورے کے لیے پوری طرح تیار ہوں۔‘‘

پاکستانی میڈیا نے پاکستانی دفتر خارجہ کے حوالہ سے بتایا کہ وزیر اعظم سری لنکا کے وزیر اعظم کی دعوت پر سری لنکا کا دورہ کریں گے، وزیراعظم عمران خان کے ساتھ اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم سری لنکن صدر اور ہم منصب مہیندر راجا پاکسے سے ملاقاتیں کریں گے۔


دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم دونوں ممالک کے درمیان وفود سطح مذاکرات کی قیادت کریں گے۔ مذاکرات میں دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری، صحت، تعلیم، زراعت پر بات چیت ہوگی۔ ترجمان کے مطابق دونوں ممالک سائنس و ٹیکنالوجی، دفاع، سلامتی، ثقافت اور سیاحت میں تعاون پر بات کریں گے۔ مذاکرات میں دو طرفہ امور، اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔